سانحہ اسلام آباد کچہری ، آئی جی پولیس اور ایس ایس پی آپریشنز کو ہٹادیا گیا ، خالد خٹک کو آئی جی اور سلطان اعظم تیموری کو ایس ایس پی آپریشنز کا اضافی چارج دیدیاگیا،ڈی جی کرائسز مینجمنٹ سیل کو بھی تبدیل کردیا گیا

جمعرات 27 مارچ 2014 07:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء)سانحہ اسلام آباد کچہری کے 23دن بعد قانون حرکت میں آگیا ، آئی جی اسلام آباد ، ایس ایس پی آپریشن اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل ( این سی ا یم سی )کو تبدیل کردیا گیا ۔ آئی جی اسلام آباد کی عارضی ذمہ داریاں ڈی آئی جی خالد خٹک کو دے دی گئیں جبکہ اے آئی جی آپریشن سلطان اعظم تیموری کو قائم مقام ایس ایس پی آپریشنز مقرر کردیا گیا ہے ۔

یہ احکامات وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ایک ہفتے کے اندر اندر نیا مستقل آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشن کی تعیناتی کردی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئی جی اسلام آباد سکندر حیات ، ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر رضوان اور ڈی جی نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کو تبدیل کردیا ہے ڈی جی ہیڈکوارٹر خالد خٹک کو قائم مقام آئی جی اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے جبکہ سلطان اعظم تیموری کو قائم مقام ایس ایس پی آپریشن تعینات کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے مطابق تبادلوں کا مقصد وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانا ہے اور ان پوسٹوں پر ایک ہفتے کے اندر اندر مستقل تعیناتیاں کردی جائینگی ۔ وزارت داخلہ کے مطابق ڈی جی این سی ایم سی کا چارج نیشنل کوآرڈنیٹر برائے نیکٹا(نیشنل کاؤنٹر ٹیرازم اتھارٹی ) کو دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :