لاہور ،ہربنس پورہ میں جائیداد کے تنازع پر باپ اور اس کے تین بیٹوں کو قتل کردیا گیا، اعجاز کا اپنی بہن سائرہ اور بہنوئی جہانگیر کے ساتھ جائیداد کا تنازع تھا‘

جمعرات 27 مارچ 2014 07:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء)صوبائی دارالحکومت لاہورکے علاقے ہربنس پورہ میں جائیداد کے تنازع پر باپ اور اس کے تین بیٹوں کو قتل کردیا گیا۔ ایک ملزم بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ لاہور میں ہربنس پورہ کے رہائشی محمد اعجاز کا اپنی بہن سائرہ اور بہنوئی جہانگیر کے ساتھ جائیداد کا تنازع تھا۔ اسی مسئلے پر منگل کی رات پنچایت بلائی گئی۔

جہانگیر اپنے بھائی حمزہ اور چار نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ اعجاز کے گھر آیا۔ اعجاز کے سسر عمر اور ان کے تین بیٹے بھی پنچایت میں آئے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق بات چیت کے دوران جہانگیر اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی جس سے محمد عمر، اس کے تین بیٹے علی رضا،محمد اکرم ، رفاقت علی اور اعجاز کے کزن کاشف اور فہیم شہزاد شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو شالیمارہسپتال پہنچایا گیا جہاں عمر اور اس کے تینوں بیٹوں نے دم توڑ دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم جہانگیر بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے اس کے ساتھی لے گئے۔ بعد میں جہانگیر کو سروسزہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے جہانگیر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔دوسری جانب پولیس کے مطابق پنچایت کے دوران5 افراد کے قتل میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان کے چوتھے ساتھی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس نے سائرہ کے علاوہ ملزم شہباز اور سلیم شہزاد کو گرفتار کر لیا، جبکہ چوتھے ملزم یوسف کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں‘پولیس نے محمد اشرف کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :