عالمی نمبر ایک رافیل نڈال، راجرفیڈرر اورنوواک جوکووچ اور دفاعی چیمپئین اینڈی مرے میامی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

جمعرات 27 مارچ 2014 07:01

میامی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء) عالمی نمبر ایک رافیل نڈال، راجرفیڈرر اورنوواک جوکووچ اور دفاعی چیمپئین اینڈی مرے میامی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ میامی میں جاری ایونٹ کے مینز سنگلزکے چوتھے راؤنڈمیں ففتھ سیڈ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے فرانس کے رچرڈ گاسکے کو باآسانی چھ ایک اور چھ دوسے مات دے کر آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنالی۔

(جاری ہے)

ورلڈ نمبر ون رافیل نڈال اٹلی کے فیبیوفوگنینی کے خلاف کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ نڈال نے اطالوی حریف کیخلاف چھ دو اور چھ دوسے فتح سمیٹی۔ سیکنڈ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے چوتھے راؤنڈ میں اسپین کے ٹومی روبریڈو کے خلاف فتح حاصل کی۔ سرب کھلاڑی کی فتح کا اسکور چھ تین اور سات پانچ رہا۔ دفاعی چیمپئین برطانیہ کے اینڈی مرے بھی آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ مرے نے چوتھے راؤنڈمیں فرانس کے جوولفریڈ سونگا کو اسٹریٹ سیٹس میں چھ چار اور چھ ایک سے مات دی۔ ۔

متعلقہ عنوان :