طالبان سے امن مذاکرات کامیابی کی طرف گامزن ہیں،جنگ بندی میں توسیع کی امید ہے،مو لانا سمیع الحق ،طالبان نے وائس چانسلر اجمل خان سمیت دیگر افرادکی رہائی پر غیر مشروط رہائی پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے، غیرعسکری افراد سمیت خواتین اور بچوں کی رہائی پر حکومت پہل کریں، آج حکومت اور طالبان مذاکراتی ٹیموں کی وزیر داخلہ کے ساتھ مشرکہ میٹنگ ہو گی جس میں امن مذاکرات کی پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل پربات کی جائیگی، مدارس کے خلاف استعماری قوتیں متحد ہوچکی ہیں،مدارس دینہ کے خلاف سازش کا متحد ہوکر مقابلہ کیا جائے گا، وفاق المدارس العربیہ کے زیراہتمام منعقدہ "پیغام امن کانفرنس"سے خطاب، میڈیا سے بات چیت

جمعہ 28 مارچ 2014 07:35

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مارچ۔ 2014ء )جمعیت علماء اسلام( س) کے سربراہ اور طالبان مذاکراتی ٹیم کے سربراہ مولاناسمیع الحق نے کہا ہے کہ طالبان سے امن مذاکرات کامیابی کی طرف گامزن ہیں،طالبان نے وائس چانسلر اجمل خان سمیت دیگر افرادکی رہائی پر غیر مشروط رہائی پر ر ضا مندی کا اظہار کیا ہے،جنگ بندی میں توسیع کی امید ہے،غیرعسکری افراد سمیت خواتین اور بچوں کی رہائی پر حکومت پہل کریں،آج (جمعہ )کے روز حکومت اور طالبان مذاکراتی ٹیموں کی وزیر داخلہ کے ساتھ مشرکہ میٹنگ ہو گی جس میں امن مذاکرات کی پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل پربات کی جائے گی، مدارس کے خلاف استعماری قوتیں متحد ہوچکی ہیں،مدارس دینہ کے خلاف سازش کا متحد ہوکر مقابلہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نوشہرہ کے علاقے پبی چراٹ روڈ پر جامعہ عثمانیہ میں وفاق المدارس العربیہ کے زیراہتمام منعقدہ "پیغام امن کانفرنس"سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مولاناسمیع الحق کاکہناتھا کہ پورا یورپ متحد ہوچکا ہے اور ان کانشانہ مدارس ہیں مدارس کو بچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔

ان کاکہناتھا کہ مدارس پر انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں لیکن انہی مدارس سے آج امن کی بات کی جارہی ہے ہماری کوشش ہے کہ ملک میں امن قائم ہو مدارس کے خلاف استعماری قوتیں متحد ہوچکی ہیں جن کا مقابلہ کیاجائے گا۔مولاناسمیع الحق کے مطابق امریکہ خطے سے فرار ہورہا ہے ہمیں اپنے دشمن کااتحاد واتفاق سے مقابلہ کرناہوگا۔اسلام اورسلامتی لازم وملزوم ہیں اورایک انسان کو بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری قاری حنیف جالندھری کاکہناتھا کہ مدارس کے طلبا اور مدرس پاکستانی آئین اورخودمختاری کے محافظ ہیں بیرون ملک یہاں داخلہ لینے والے طلبا پر پابندی نہ لگائی جائے۔بعدازاں مولانا سمیع الحق نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے طالبان نے تین سے چار سو قید ا ن کے ساتھوں کی لیسٹ حکومت کمیٹی کو دی ہے جس میں گرفتار بے گناہ غیرعسکری افراد سمیت خواتین اور بچے بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان نے پروفیسر اجمل خان سمیت ہائی پرفائل افراد کی مشروط رہائی پر رضا مندی کا اشارہ دیا ہے،حکومت کو چاہئے کہ وہ رہائی میں پہل کریں تاکہ امن مذاکرات میں اعتماد سازی میں مذید اضافہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم کو امید ہے کہ امن مذاکرات درست سمت کی طرف گامزن ہیں۔حکومتی اور طالبان دونوں مذاکراتی ٹیمو ں کا مشترکہ اجلاس وزیر داخلہ کے ساتھ منعقد ہوگاجس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :