مشرف کے خلاف بنایا گیا بنچ ٹوٹنا مفاہمت کی طرف اشارہ ہے،شیخ رشید،حکومت تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ نہیں کرے گی ، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 مارچ 2014 07:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مارچ۔ 2014ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مشرف کے خلاف بنایا گیا بنچ ٹوٹنا مفاہمت کی طرف اشارہ ہے ۔مشرف کے خلاف نیا بنچ جلد بازی میں قائم نہیں ہوگا ۔حکومت تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ نہیں کرے گی ۔پڑوسی ملک سے سلامی میں ملنے والے ڈالروں سے عوام کو فائدہ پہنچایا جائے۔

جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ نہیں چلے گا ۔حکومت صرف ٹوپی ڈرامہ کررہی ہے ۔سابق چیف جسٹس نے جلد بازی میں غداری کا مقدمہ سننے کے لئے بنچ تشکیل دیا تھا لیکن اب نئے بنچ کی تشکیل میں وقت درکار ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جمعہ بازار لگا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اپنے خاندان کو نوازنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔

حکومت کی قانون سازی کی طرف کوئی توجہ نہیں ہے صرف ایک ترمیم جلد بازی میں ہوئی جس کے باعث میاں صاحب تیسری دفعہ وزیر اعظم بنے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو سوچنا چاہیے کہ سابق حکومت نے تین دفعہ وزارت عظمی کے لئے ترمیم کیوں کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ میں بھی کمانڈروں اور جرنیلوں کے لئے ہمدردی موجود ہے۔ججز کیس میں مشرف کا کچھ نہیں ہوگا۔حکومت اراکین اسمبلی کے ساتھ بھی مذاق کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ایک کروڑ جاری نہیں ہوئے دو کروڑ کب ملیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو جو پڑوس ملک نے سلامی میں ڈالر دیئے ہیں اس سے عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔