ملائیشین گرینڈپریکس ریس سے قبل پلاپتہ طیارے کے متاثرین کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی

جمعہ 28 مارچ 2014 07:19

سیپانگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مارچ۔ 2014ء)ملائیشیئن گرینڈ پریکس کے منتظمین اختتام ہفتہ پر شروع ہونیوالی ریس سے قبل MH37 طیارے کے حادثے کا شکار ہونیوالے افراد کیلئے ایک منٹ کی خاموشی کا اہتمام کریں گے ، یہ بات ایک سینئر اہلکار نے گزشتہ روز اے ایف پی کو بتائی ۔

ٹیمیں اور شائقین اتوار کو فارمولا ون گرینڈ پریکس سے قبل 239مسافر ، جو ملائیشیئن ایئرلائنز کے طیارے پر سوار تھے جب یہ 8مارچ کو لاپتہ ہو گیا تھا ، کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں گے۔

سیپانگ سرکٹ کے سی ای او داتورازلان رزالی نے کہا کہ اتوار کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریس کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ فارمولا ون ، جس صورتحال سے ہم گزر رہے ہیں اس پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے.

ملائیشیاء کے سب سے بڑے سالانہ کھیل کے ایونٹ کے لئے معمول کی تقریبات محدود کردی گئی ہیں چونکہ ملک سوگ منا رہا ہے اس لئے اس کی تشہیر کے لئے کرسٹینا اگیولیرا اور رین اینڈ ٹوننگ ڈاؤن کا کنسرٹ منسوخ کردیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز فارمولا ون ٹیمیں اور ڈرائیورز متوقع طور پر اپنی کاروں اور ہیلمٹس پر متاثرین کے لئے پیغامات کے ساتھ انہیں خراج عقیدت پیش کرینگے جبکہ مداح ان کے نام سے منسوب ایک دیوار پر پیغامات لکھیں گے ۔بین الاقوامی ٹیمیں تاحال طیارے کے ملبے کی تلاش میں مصروف ہیں جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ بحیرہ ہند میں گر کر تباہ ہو چکا ہے۔