ٹوکیو قدرتی آفات کے حوالے سے دنیا کا خطرناک ترین شہر قرار دیدیا گیا ، ٹوکیو کی 80 فیصد آبادی کسی بھی بڑے زلزلے کے نتیجے میں متاثر ہوسکتی ہے،جکارتہ ،کولکتہ،شنگھائی،تہران اور فلپائنی دارالحکومت منیلا بھی دنیا کے خطر نا ک تر ین شہر قرار

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:13

برن(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)قدرتی آفات کی زد میں ممکنہ طو ر پر آ نے والے دنیا کے 10 شہروں کی نئی فہرست جا ری کر دی گئی ۔ سب سے زیادہ خطرناک قرار دیئے گئے شہروں میں سرفہرست جاپانی دارالحکومت ٹوکیو ہے۔سوئٹزرلینڈ کی ماحولیاتی تنظیم سوئس رے کی مرتب کردہ فہرست میں 37 ملین آبادی کے شہر ٹوکیو کو زلزلوں، دریائی سیلاب، سونامی اور مون سون کے حوالے سے دنیا کا خطرناک ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

فہرست کے مطابق ٹوکیو کی 80 فیصد آبادی کسی بھی بڑے زلزلے کے نتیجے میں متاثر ہوسکتی ہے جبکہ جاپان وہ ملک ہے جہاں سونامی کا خطرہ بھی سب سے زیادہ ہے۔اس فہرست میں قدرتی آفات کے حوالے سے دنیا کا دوسرا خطرناک ترین شہر فلپائنی دارالحکومت منیلا قرار پایا ہے جہاں زلزلے کا خطرہ تو ہے ہی اس کے ساتھ ساتھ سمندری طوفان بھی یہاں اکثر ٹکراتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

تیسرے نمبر پر چین کا پرل ریور ڈیلٹا ہے جس میں ہانگ کانگ، شین ڑن، مکاوٴ اور گوانگزو جیسے اہم ترین شہر موجود ہیں، اس خطے میں ہر طرح کی قدرتی آفات کا خطرہ موجود ہے، یہاں سمندری طوفان 17 ملین افراد کو جبکہ دریائی سیلاب و دیگر آفات بھی کروڑوں لوگوں کو متاثر کرسکتی ہیں۔جاپانی شہر اوساکا دنیا کا خطرناک ترین شہر قرار پایا ہے جہاں زلزلے ڈیڑھ کروڑ کے قریب افراد کیلئے سب سے خطرہ ہیں، جبکہ دریائی سیلاب اور بگولے بھی یہاں تباہی مچاتے رہتے ہیں۔

انڈونیشیا کادارالحکومت جکارتہ کا 40 فیصد حصہ سمندری سطح سے نیچے ہے اور اس کا مطلب ہے کہ زلزلہ اس شہر کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، جبکہ سمندری طوفان بھی یہاں کی آبادی کو بری طرح متاثر کرسکتا ہے۔اسی طرح جاپانی شہر ناگویا چھٹے، بھارت کا کولکتہ 7 ویں، چین کا شنگھائی، امریکا کا لاس اینجلس 9 ویں اور ایرانی دارالحکومت تہران 10 واں خطرناک ترین شہر قرار پایا ہے۔

متعلقہ عنوان :