آئی ایم ایف کا یوکرائن کے لیے اٹھارہ بلین ڈالر کے بیل آوٴٹ پیکج کا اعلا ن ، بیل آوٴٹ پیشکش کا مقصد یوکرائن کی بدحال معیشت کو سنبھالا دینے میں مدد کرنا ہے

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:16

نیو یا رک ، کیف(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے مشرقی یورپ کے بحران زدہ ملک یوکرائن کو 18 بلین ڈالر تک کے قرضے دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس بیل آوٴٹ پیشکش کا مقصد یوکرائن کی بدحال معیشت کو سنبھالا دینے میں مدد کرنا ہے۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق ملکی دارالحکومت کیف سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے اس اعلان کے بعد وزیر اعظم آرسینی یاٹسینییْک نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن ناگزیر مالیاتی اصلاحات کی ضرورت ہے، ان میں ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا اور اس عمل میں ہر شہری کو کچھ نہ کچھ تکلیف بھی برداشت کرنا ہو گی۔

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی طرف سے اس پیکج کا اعلان جمعرات کو کیف میں یوکرائن کے لیے آئی ایم ایف کے مشن کے سربراہ نیکولائی جورجییف نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوکرائن کو 14 بلین ڈالر سے لے کر 18 بلین ڈالر تک کا بیل آوٴٹ پیکج فراہم کیا جا سکتا ہے۔ یہ رقوم 10.8 بلین یورو سے لے کر 13.1 بلین یورو کے درمیان تک بنتی ہیں۔ اس بیل آوٴٹ کا مقصد بحران زدہ یوکرائن کو مستقبل میں اپنے ذمے ادائیگیوں کے قابل نہ رہنے سے بچانا ہے۔

یوکرائن کو اب تک اس کی بہت برے حالات کا شکار معیشت کی بہتری کے لیے کئی ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کی طرف سے یا تو قرضوں اور گرانٹس کی صورت میں ہنگامی مالی امداد مہیا کی جا چکی ہے یا اس کی فراہمی کے وعدے کیے جا چکے ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے 18 بلین ڈالر تک کے جو قرضے دینے کا پختہ عزم ظاہر کیا ہے، ان کے ساتھ اگلے دو برسوں کے دوران کییف کو مختلف بین الاقوامی اداروں اور حکومتوں کی طرف سے مہیا کردہ فنڈز کی مجموعی مالیت 27 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

یوکرائن کی فوری مالی مدد کے لیے یورپی یونین بھی ایک وسیع تر پیکج تیار کر چکی ہے۔ یہ پیکج قرضوں اور ناقابل واپسی امدادی رقوم کی صورت میں آئندہ برسوں کے دوران مہیا کیا جائے گا اور اس کی کْل مالیت 10 بلین ڈالر سے زیادہ ہو گی۔

متعلقہ عنوان :