سنیل گواسکر بھارتی کرکٹ بورڈ کے عبوری صدر مقرر،آئی پی ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے اور تمام ٹیمیں اس میں حصہ لے سکتی ہیں، سپریم کورٹ ، چنائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر لگائی گئی پابندی ختم ،تمام میچز شیڈول کے مطابق ہونگے، کرکٹ بورڈ کے عبوری صدر کا عہدہ سنبھالنے کے لئے تیار ہوں ، اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دونگا ، سنیل گواسکر

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:08

نئی دہلی(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء) بھارتی سپریم کورٹ نے سابق کرکٹر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سنیل گواسکر کو بی سی سی آئی کا عبوری صدر مقرر کردیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سری نواسن کو بطور بی سی سی آئی صدر کام کرنے سے روکتے ہوئے سنیل گواسکر کو کرکٹ بورڈ کا نیا صدر مقرر کردیا، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سنیل گواسکر آئی پی ایل کے ساتویں سیزن تک بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر رہیں گے اور اس دوران عبوری صدر کے فرائض انجام دیں گے تاہم اس دوران وہ کمنٹری نہیں کرسکیں گے۔

حکم نامے میں آئی پی ایل کی ٹیمیں چنائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر لگائی گئی پابندی ختم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے اور تمام ٹیمیں اس میں حصہ لے سکتی ہیں۔دوسری جانب سنیل گواسکر کا سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ کرکٹ بورڈ کے عبوری صدر کا عہدہ سنبھالنے کے لئے تیار ہیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے کی کوشش کریں گے۔