ورلڈ کپ ٹی 20میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دینے پر ویسٹ انڈیز پلیئر کا گراؤنڈ میں جشن ، ایسا لگتا تھا ورلڈ کپ جیت لیا ہے ،جشن منانے والوں میں کرس گیل سب سے زیادہ نمایاں تھے ،سیمی نے آخری اوور میں چھکا لگاتے ہی اپنا بلا وہیں پھینکا اور دوڑ لگا دی اسی طرح براوو نے بھی بلا ہوا میں اچھال دیا، گیل جذباتی ہوکر میدان میں داخل ہوگئے، خوشی کے عالم میں گینگنم رقص شروع کردیا،اس دوران تمام ویسٹ انڈین کھلاڑی بھی گراوٴنڈ میں آچکے تھے اور وہ سب چیخ چیخ کر اپنی خوشی کا اظہار کررہے تھے

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:09

میرپور(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء)آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں چھ وکٹوں سے شکست دی تو اس جیت کا جشن منانے والوں میں کرس گیل سب سے نمایاں تھے۔کرس گیل جنہوں نے اس میچ میں نصف سنچری بنائی ویسٹ انڈین ٹیم کے ڈگ آوٴٹ میں خاموشی کے ساتھ کپتان ڈیرن سیمی اور براوو کو بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھ رہے تھے اور آخری اوور تک آتے آتے ان کی بے چینی میں اضافہ ہوگیا تھا لیکن جیسے ہی سیمی نے آخری اوور میں دو چھکے لگاکر ویسٹ انڈیز کو جیت سے ہمکنار کیا تو میدان میں دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا۔

سیمی نے چھکا لگاتے ہی اپنا بلا وہیں پھینکا اور دوڑ لگا دی اسی طرح براوو نے بھی بلا ہوا میں اچھال دیا۔کرس گیل جذباتی ہوکر میدان میں داخل ہوگئے اور انہوں نے خوشی کے عالم میں گینگنم رقص شروع کردیا۔

(جاری ہے)

اس دوران تمام ویسٹ انڈین کھلاڑی بھی گراوٴنڈ میں آچکے تھے اور وہ سب چیخ چیخ کر اپنی خوشی کا اظہار کررہے تھے۔کرس گیل نے میدان سے باہر آنے کے بعد ایک بار پھر تماشائیوں کی طرف دیکھتے ہوئے ہاتھ بلند کیے اور دوبارہ گینگنم رقص شروع کردیا۔

کرس گیل کا کہنا ہے کہ وہ موڈی ہیں کرس گیل نے دو سال قبل سری لنکا میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی خوشی کے اظہار کے لیے کورین سنگر پارک جی سینگ کے مقبول گانے کا یہ رقص اپناکر پوری دنیا کی توجہ حاصل کرلی تھی۔ کرس گیل کے اس رقص میں ویسٹ انڈیز کے دیگر کرکٹرز بھی شامل ہوگئے تھے اور جب ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا تو تمام کھلاڑیوں نے میدان میں اور پھر اپنے ہوٹل میں بھرپور انداز میں جشن منایا تھا۔

کرس گیل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ موڈی ہیں لہذا خوشی کے اظہار کے لیے وہ اکثر دلچسپ حرکتیں کرگزرتے ہیں۔ہر کرکٹر کا خوشی منانے کا اپنا طریقہ ہے۔ ایشیز سیریز جیتنے پر انگلینڈ کے سابق آف اسپنر گریم سوآن نے سڈنی گراوٴنڈ میں اسپرنکلر ڈانس کرکے مقبولیت حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :