ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر بسری مولیانی اندراوتی کی وزیراعظم نواز شریف ، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقاتیں، حکومت نے توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں سمیت آئندہ پانچ سال کیلئے اپنی ترجیحات کی نشاندہی کر رکھی ہے،وزیراعظم ، ترجیحی شعبوں میں عالمی بینک کی معاونت سے پاکستان کو ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی، ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر بسری مولیانی اندرا وتی سے گفتگو، عالمی بینک نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کوسراہا

اتوار 30 مارچ 2014 07:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں سمیت آئندہ پانچ سال کیلئے اپنی ترجیحات کی نشاندہی کر رکھی ہے،اس امرکا اظہارانہوں نے ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر چیف آپریٹنگ آفیسر مس بسری مولیانی اندرا وتری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جنہوں نے ہفتہ کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

عالمی بینک نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترجیحی شعبوں میں عالمی بینک کی معاونت سے پاکستان کو ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ حکومت کے توانائی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گڈانی کے پاکستان انرجی پارک میں کوئلہ سے توانائی پیدا کرنے والے 600 میگاواٹ کے 10 منصوبے بھی شامل ہیں جس سے ملک میں توانائی کی ترسیل میں 6600 میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بینک سے اگلے پانچ سال کے لئے اْن شعبوں کے لئے امداد چاہی جنہیں ترجیح حاصل ہوگی \' ان خاص شعبوں میں توانائی کا شعبہ بھی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی معقول اور ٹھوس پالیسیوں کی بدولت ہماری قومی معیشت مستحکم ہوچکی ہے۔ عالمی بینک کی منیجنگ ڈ ائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریئے مثبت ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے بینک کی مسلسل امداد کا یقین دلایا۔

ملاقات کے موقع پر ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور ناصر محمود کھوسہ بھی موجود تھے۔بعد ازاں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایک منصوبہ پر کام کر رہی ہے، بین الاقوامی امداد سے عوام کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے اور غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ورلڈ بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندرا واتی گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔وزیرخزانہ کے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل بنیادی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ایک موثر ایجنڈا رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مناسب اقتصادی اقدامات کے ساتھ انفراسٹرکچر کی ترقی اور انرجی ڈیمانڈ پورا کرنے کیلئے ایک منصوبہ پر عمل کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کاسا 1000 اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں مینجنگ ڈائریکٹر کی ذاتی دلچسپی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میکرو اقتصادی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، شرح نمو میں بہتری آ رہی ہے اور افراط زر کم ہو کر یک ہندسی ہو گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے ملکی معیشت کو درست راہ پر ڈالنے کیلئے حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تین نکاتی ترجیحی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے جس میں معیشت، توانائی اور انتہا پسندی کے مسائل کا حل شامل ہے۔