جنگ میں قوم کو ایذا پہنچانے پر قذافی کا بیٹا 'پشیمان'،خانہ جنگی کے دوران ایذا دینے اور ضرر پہنچانے پر قوم سے معافی چاہتا ہوں، الساعدی القذافی

اتوار 30 مارچ 2014 07:07

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء )لیبیا کے سابق مقتول مرد آہن کرنل معمر القذافی کے بیٹے الساعدی القذافی نے اپنے والد کے خلاف بغاوت کْچلنے میں ریاستی طاقت کے استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ خانہ جنگی کے دوران ایذا دینے اور ضرر پہنچانے پر قوم سے معافی کے خواستگار ہیں۔ الساعدی نے اس اعتراف کے ساتھ حکام سے مطالبہ کیا ہے انہیں رہا کر دیا جائے۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق لیبیا کے سرکاری ٹیلی ویڑن چینل پر نشر ایک مختصر ویڈیو فوٹیج میں الساعدی القذافی کو ایک دفتر نْما کمرے میں پرسکون طریقے سے بیٹھے دکھایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی تھی جب میڈیا میں یہ خبریں آنا شروع ہوئیں کہ الساعدی القذافی کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس فوٹیج سے الساعدی پر حراست میں تشدد کی خبروں کی تردید ہوتی ہے۔

جیل کے ایک کمرے میں قیدیوں کا نیلا لباس پہنے الساعدی کہہ رہے تھے: "قوم کو ایذا پہنچانے پر مجھے افسوس ہے۔ ہم سے جو غلطیاں ہوئیں، قوم معاف کر دے"۔ تاہم اس ویڈیو میں الساعدی کے بارے میں مزید تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ البتہ اس نے اپنے بارے میں کہا ہے کہ جیل میں میرے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کیا گیا۔خیال رہے کہ سنہ 2011ء میں کرنل معمر قذافی کے چالیس سالہ آمرانہ نظام حکومت کے خلاف عوامی بغاوت کے دوران الساعدی خاندان کے کئی دوسرے افراد کے ہمراہ پڑوسی ملک نائیجر فرار ہو گیا تھا۔ رواں ماہ نائیجر کی حکومت نے طرابلس کے مطالبے پر الساعدی کو لیبیا کے حوالے کر دیا تھا۔ الساعدی پر اپنے والد کے ساتھ مل کر طاقت کے ذریعے بغاوت کچلنے کا الزام ہے۔