وزارت سائنس و ٹیکنالوجی جدید تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،زاہد حامد، نوجوان نسل پر جتنی سرمایہ کاری کریں گے ملک و قوم کا مستقبل اتنا ہی روشن ہوگا، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے اعلی تعلیمی اداروں کی ترقی اور جدید تحقیق کیلئے انکی ضروریات پوری کی جائیں گی، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد کا کامسیٹس کے 60 ویں کانووکیشن سے خطاب

اتوار 30 مارچ 2014 07:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی جدید تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، نوجوان نسل پر جتنی سرمایہ کاری کریں گے ملک و قوم کا مستقبل اتنا ہی روشن ہوگا، موجودہ حکومت معیار تعلیم بہتر بنانے اور نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے اعلی تعلیمی اداروں کی ترقی اور جدید تحقیق کیلئے ان کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔

وہ گزشتہ روز کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 60 ویں کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ زاہد حامد نے کہا کہ دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی ہے جنہوں نے تعلیم و تحقیق کو اپنا محور بنایا، ہمارے ملک میں ذہانت کی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تعلیم و تحقیق کیلئے اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعلیمی ویژن کو آگے بڑھانے کیلئے کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہا ہے، جہاں سے ہزاروں گریجویٹس تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں نوجوانوں کیلئے وزیراعظم کی قرضہ سکیم بہت اہمیت کی حامل ہے، اس سکیم کے ذریعے نوجوانوں میں اہلیت کی بنیاد پر اربوں روپے تقسیم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

اسی سلسلے میں پہلی قرعہ اندازی کے ذریعے 5 ہزار 414 نوجوانوں کو قرضہ کی فراہمی کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمت کے بہترین مواقع مہیا کئے جائیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ یہ نہ سمجھیں کہ تعلیم ختم ہو گئی ہے  تعلیم حاصل کرنے کی کوئی حد نہیں ہوتی، وہ مزید تعلیم و تجربہ حاصل کریں اور ملک و قوم کیلئے اپنا نام روشن کریں۔ انہوں نے میڈلز اور تعلیمی اسناد حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات اوران کے اساتذہ کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد کامسیٹس یونیورسٹی آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر بھی ہے۔تقریب سے صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :