اآئی پی ایل کرپشن اسکینڈل: سری نواسن کے بعد دھونی نے بھی قیادت چھوڑنے کی پیشکش کردی، آئی پی ایل کرپشن اسکینڈل کی وجہ سے میری ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ،عہدوں پر مزید کام نہیں کر سکتا،سری نواسن سے فون پر گفتگو

اتوار 30 مارچ 2014 06:58

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء ) آئی پی ایل کرپشن اسکنڈل کی زد میں پھنسے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر سری نواسن کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے قائد مہندرا سنگھ دھونی نے بھی چنئی سپر کنگز کی قیادت اور انڈیا سیمنٹ کے نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے کی پیش کش کر دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہندرا سنگھ دھونی نے انڈیا سیمنٹ کے صدر سری نواسن کو فون پر رابطہ کر کے چنئی سپر کنگز کی قیادت اور انڈیا سیمنٹ کے نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے کی پیش کی۔

(جاری ہے)

دھونی کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کرپشن اسکینڈل کی وجہ سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے اس لئے وہ ان عہدوں پر مزید کام نہیں کر سکتے۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سابق صدر سری نواسن نے بھی سپریم کورٹ میں آئی پی ایل کرپشن کی تحقیقات مکمل ہونے تک صدارت سے الگ ہونے کی پیش کش کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے سنیل گواسکر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کا عبوری صدر نامزد کر دیا تھا جب کہ 2 روز قبل بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے مہندرا سنگھ دھونی پر بھی الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے آئی پی ایل کرپشن اسکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ کے پینل کے روبرو گروناتھ میاپن کے حوالے سے غلط بیان ریکارڈ کرایا تھا۔