سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر منتخب ہو گئے،نئے امیر کی مدت پانچ سال کیلئے ہے ، جماعت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرانے امیر دوسری مرتبہ منتخب نہیں ہوسکے ، سراج الحق نے 32ہزار میں سے 25ہزار ووٹ لیکر امیر منتخب ہوئے

پیر 31 مارچ 2014 06:37

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء) سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر منتخب ہو گئے ہیں ۔ ناظم انتخابات جماعت اسلامی پاکستان عبدالحفیظ احمد نے امیر العظیم اور نذیر احمد جنجوعہ کے ہمراہ منصورہ آڈیٹوریم میں پر ہجوم پریس کانفرنس میں نو منتخب امیر کے نام کا اعلان کیا ۔ عبدالحفیظ احمد نے بتایا کہ جماعت اسلامی پاکستان ایک دستور ی جماعت ہے جس کے امیر کا ہر پانچ سال بعد انتخاب ہوتاہے اور اراکین جماعت خفیہ رائے دہی کے تحت امیر کا انتخاب کرتے ہیں ۔

انہو ں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسیدمنورحسن کی مدت امارت اپریل میں ختم ہورہی ہے ۔جنوری 2014 ء میں منعقدہ جماعت اسلامی کی مجلس شورٰی کے اجلا س میں ارکان کی سہولت کے لیے شورٰی نے سراج الحق ،لیاقت بلوچ اور سیدمنورحسن کے نام تجویز کیے تھے اور مجھے(عبدالحفیظ احمد) کو ناظم انتخاب مقرر کیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پاکستان کے کل ارکان 31301 ہیں جن میں 30759 ارکان کو یکم مارچ کو بیلٹ پیپر جاری کیے گئے جنہوں نے پرچہ ہائے رائے دہی پر کر کے 28 مارچ کو مرکز جماعت میں پہنچا دیئے ۔

کل 25533 بیلٹ پیپر واپس موصول ہوئے ۔ شرح انتخاب 85 فیصد رہی ۔سراج الحق 5 دسمبر 1962 ء کو ثمر باغ ضلع دیر میں پیدا ہوئے ۔ وہ 1988 ء سے 1991 ء تک اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ رہے ۔ انہوں نے یونیورسٹی آف پشاور سے ایم اے پولیٹیکل سائنس کیا ۔ وہ 2002 میں صوبائی اسمبلی خیبر پی کے، کے ممبرمنتخب ہوئے ۔ انہوں نے ڈمہ ڈولہ مدرسہ پر ڈرون حملہ کے خلاف احتجاجاً اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

2013 ء میں وہ ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ اس وقت وہ صوبہ خیبر پختونخوا میں سینئر وزیر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ سراج الحق کی درویش صفت طبیعت اور مجاہدانہ اوصاف کی بدولت تحریکی اور عوامی حلقوں میں ان کو ایک منفرد مقام حاصل ہے ۔وہ 2003 میں جماعت اسلامی صوبہ سرحد کے امیر بنے ، 2009 ء میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر کی ذمہ داری سونپی گئی ۔

انہوں نے صوبہ سرحد میں متحدہ مجلس عمل کی حکومت میں موثر کردار کیا جس کے اپنے اور بیگانے سب معترف ہیں ۔ منور حسن ، لیاقت بلوچ اور سراج الحق امیدوار تھے سراج الحق نئے امیر منتخب ہوگئے ہیں نئے امیر کی مدت پانچ سال کیلئے ہے جماعت اسلامی کی تاریخ میں پہلی بار پرانے امیر دوسری مرتبہ امیر منتخب نہیں ہوسکے ۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے مستند ارکان کے انتخابات یکم مارچ کو شروع ہوئے تھے سراج الحق 32000میں سے 25ہزار ووٹ لے کر منتخب ہوئے سراج الحق نائب امیر بھی رہے ہیں اور وزیر بھی رہے ہیں سراج الحق کا تعلق خیبر پختونخواہ کے علاقے دیر سے ہے ۔