غیر ملکی دوروں کے بعد صدر اوباما وطن واپس پہنچ گئے

پیر 31 مارچ 2014 06:36

واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء)امریکہ کے صدر براک اوباما یورپ اور مشرق وسطیٰ کے ایک ہفتے کے سفارتی دورہ مکمل کر کے واشنگٹن واپس پہنچ گئے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اوباما کے اس دورے میں ہالینڈ میں جوہری تحفظ کانفرنس، برسلز میں یورپی یونین اور نیٹو کے عہدیداروں اور ویٹیکن میں پوپ فرانسس سے ملاقات بھی شامل تھی۔

اپنے دورے کے آخری حصے میں مسٹر اوباما سعودی عرب بھی گئے جہاں انھوں نے فرمانروا عبداللہ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ریاض کے قریب ہونے والی اس ملاقات میں توجہ کا مرکز شام کی خانہ جنگی سے پیدا ہونے والی کشیدگی اور ایران کا جوہری پروگرام تھا۔ریاض سے روانگی سے قبل صدر نے ماہا المناف کو امریکی محکمہ خارجہ کا باہمت خاتون ایوارڈ بھی دیا۔ انھوں نے اس سعودی کارکن کو گھریلو تشدد کے خلاف کردار ادا کرنے پر اس اعزاز سے نوازا۔ڈاکٹر المناف نہ صرف سعودی عرب میں اپنی خدمات کا مرکز قائم کرنے میں کامیاب رہی بلکہ انھوں نے خواتین اور بچوں کو گھریلو تشدد سے بچاوٴ کے لیے قوانین پاس کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔