شاہینوں نے بنگالی جادو نہ چلنے دیا ،بنگلہ دیش اپنے پول میں فتح کو ترس گیا ،گرین شرٹس نے 50رنز کے واضح مارجن سے کامیابی حاصل کرکے آسٹریلیا کو بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے آؤٹ کردیا ،190رنز کے جواب میں بنگال ٹیم 140رنز ہی بنا سکی ، احمد شہزاد پاکستان کی طرف سے ٹی 20میں سنچری سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ، مین آف دی میچ بھی قرار پائے ،پاکستان اپنا آخری پول میچ کل ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے گئے ،جو دونوں ٹیموں کیلئے کوارٹر فائنل بن گیا ، جو جیتے گی وہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریگی

پیر 31 مارچ 2014 06:23

میرپور ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء ) پاکستان نے بنگلہ دیش کو ورلڈ ٹی 20 میں 50رنز سے شکست دے کر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ، میچ میں بہترین کارکردگی پر احمد شہزاد مین آف دی میچ قرار پائے ،پاکستان کے 190رنز کے جواب میں بنگال ٹیم 140رنز ہی بنا سکی ۔ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا اور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 190رنز بنائے ، احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 62گیندوں پر 111رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ٹی 20میں سنچری مکمل کی دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک 26، شاہد آفریدی 22 رنز بنا کرنمایاں ر ہے ،بنگلہ دیش کے عبدالرزاق نے 2وکٹیں حاصل کیں جبکہ حمد اللہ مشفی مرتضی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

191 رنز کے تعاقب میں بنگال ٹیم 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ 50رنز سے جیت لیا بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 38، ناصر حسین 23، انعام الحق 18، مشفی مرتضیٰ 17رنز بنا کرنمایاں رہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 3، سعید اجمل نے 2، شاہد آفریدی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سہیل تنویر جو ٹی 20ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیل رہے تھے کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے ۔

میچ میں بہترین سنچری بنانے والے احمد شہزاد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔پاکستان اپنا آخری پول میچ کل ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے گا پاکستان کی اس فتح کے بعد بنگلہ دیش اور آسٹریلیا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر چکے ہیں اور پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں سے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی ۔میچ کے اختتام پر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے تمام شعبوں میں شاندار پرفارم کیا اور بڑے مارجن سے بنگلہ دیش کو شکست دی خاص طور احمد شہزاد نے شاندار سنچری سکور کی ان کی فارم میں واپس آنا ہمارے لئے خوش آئند ہے امید ہے ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف بھی اسی طرح شاندار پرفارمنس دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی ۔