بھارتی آف سپنر ایشوین نے اپنے باؤلنگ ایکشن کے دفاع کیلئے سعید اجمل اور سنیل نارائن پر انگلی اٹھا دی ،ان باؤلرز کے پیچھے نہیں رہنا چاہتے جو لمبی آستینوں والی شرٹس پہن کر کہنی کے استعمال کا فائدہ اٹھاتے ہیں ،جب سارے ایڈوانٹج لے رہے ہیں تو مجھ پر اعتراض فضول ہے ، روی چندرن ایشوین

پیر 31 مارچ 2014 06:24

ڈھاکا ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء )آسٹریلیا کیخلاف میچ سے قبل بھارتی آف اسپن بالر روی چندرن ایشوین نے اپنے ایکشن کی تبدیلی کی وضاحت کرتے ہوئے ان عالمی آف اسپنرز پر انگلی اٹھا دی ہے جو لمبی آستینوں والی شرٹس کا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے کہنی کا خم نمایاں نہیں ہو پاتا۔ ایشوین اپنے کیریئر کے دوران دوسرا ہی نہیں کیرم بال بھی آدھی آستین والی شرٹس پہن کر کراتے رہے ہیں لیکن ایشیاء کپ میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن جیسا انداز اپناتے ہوئے لمبی آستینوں والی شرٹ استعمال کی جس پر ایک نئی بحث نے جنم لیا۔

گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس میں روی ایشوین نے اپنی بالنگ سے متعلق نئے تجربے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان بالرز کے پیچھے نہیں رہنا چاہتے جو لمبی آستینوں والی شرٹس پہن کر کہنی کے استعمال کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ کچھ مختلف کرنا چاہتے ہیں مگر تجربہ کئے بغیر معلوم ہی نہیں ہو سکتا کہ نئی ترکیب کارگر ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیاء کپ سے قبل انہوں نے پوری آستین والی شرٹ کبھی نہیں پہنی لہٰذا وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ اسے پہن کر بالنگ کرنے پر کیسا محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنی گیندوں میں تبدیلی کیلئے کہنی کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور اس کیلئے شرٹ کی تبدیلی بھی کارگر ہو سکتی ہے تو اس کا فائدہ کیوں نہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے سعید اجمل اور نارائن کا نام لئے بغیر کہا کہ جب دوسرے بالرز ایڈوانٹیج لے رہے ہیں تو انہیں بھی یہ حق حاصل ہے۔