اسلام آباد، حکومت نے سابق صدرپرویزمشرف کوبیرون ملک جانے کی اجازت دینے کافیصلہ کرلیا،وہ کسی بھی وقت ملک سے روانہ ہوسکتے ہیں،وزارت داخلہ نے مشاورتی عمل مکمل کرلیا،حکومت کے اعلیٰ ترین حلقوں سے اجازت لے لی گئی ، سیکرٹری داخلہ کے احکامات بھی جاری ہونے کاامکان ،سابق صدر کو بیرون ملک لے جانے کیلئے خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا،میڈیارپوٹس

منگل 1 اپریل 2014 06:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء) حکومت نے سابق صدرپرویزمشرف کوبیرون ملک جانے کی اجازت دینے کافیصلہ کرلیاہے ، اوروہ کسی بھی وقت ملک سے روانہ ہوسکتے ہیں ۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مشاورتی عمل مکمل کرلیاہے اورحکومت کے اعلیٰ ترین حلقوں سے اجازت لے لی گئی ہے اس کے بعدسیکرٹری داخلہ کے احکامات بھی جاری ہونے کاامکان ہے جس کی روشنی میں پرویزمشرف کانام ای سی ایل سے نکال دیاجائیگااور وہ بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے ۔

پرویزمشرف کی 93سالہ والدہ شارجہ کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں انہیں تین روزقبل طبیعت خراب ہونے پرداخل کرایاگیاتھا۔میڈیا اطلاعات کے مطابق اسی دوران خلیجی ریاست سے ایک چھوٹے بزنس طیارے کی نور خان ایئربیس پر لینڈنگ کی اطلاع ملی ہے۔

(جاری ہے)

پرائیوٹ بزنس طیارے کی موجودگی سے مختلف افواہیں زیر گردش ہیں۔ بزنس طیارے میں عملے کے 3ارکان موجود ہیں جن میں سے کوئی بھی باہر نہیں آیا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیارے کی اگلی منزل کا ابھی پتا نہیں۔ذرائع کے مطابق خلیجی ملک سے خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گیاہے ۔ادھرغداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد سابق صدرپرویزمشرف کے وکیل بیرسٹرفروغ نسیم کی ہنگامی پریس کانفرنس ، سابق صدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست ، بیرون ملک سے چارٹرطیارے کی اسلام آباد آمد کی رپورٹس اورسابق صدرکی بیرون ملک روانگی کی تیاریوں کے حوالے سے افواہیں ملک میں زیر گردش رہیں ۔

پیرکے روزسابق صد رپرویزمشرف کے وکیل بیرسٹرفروغ نسیم نے جانب سے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں واضح کیاکہ حکومت کی جانب سے سابق صدرکانام ای سی ایل میں شامل کرنے کاعدالتی فیصلہ میں ذکرنہیں تھانہ ہی عدلیہ نے ایسی کوئی ہدایت جاری کی تھیں لہذا خصوصی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں حکومت ای سی ایل میں پرویزمشرف کا نام ڈالنے پر نظرثانی کرے ۔

پریس کانفرنس کے خاتمے ساتھ ہی سابق صدرکی بیرون ملک روانگی کی تیاریوں کی افواہوں نے نہ صرف میڈیاچینلز بلکہ پورے ملک کواپنی گرفت میں لے لیا۔اس دوران میڈیاپرسابق صدرکی طبیعت ایک مرتبہ پھرناساز ہونے اور پھر بے نظیربھٹوائیرپورٹ ایک چارٹرطیارے کی موجودگی نے کافی حدتک ان افواہوں پرحقیقت سے قریب کردیاجبکہ رات گئے سوشل میڈیاپربھی ایک مرتبہ پھرسابق صدرپرویزمشرف مختلف پوسٹس میں نمایاں ہوگئے ۔

ملک بھرمیں یہ افواہ نہایت تیزی سے سرعت کرگئی کہ جلدہی سابق صدرپرویزمشرف بیرون ملک روانہ ہونے والے ہیں اوراس حوالے سے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی جاچکی ہیں ۔ ذرائع کے حوالے سے میڈیارپورٹس کے مطابق خلیجی ریاست سے ایک چھوٹے بزنس طیارے کی نور خان ایئربیس پر لینڈنگ کی اطلاع ملی ہے۔ پرائیوٹ بزنس طیارے کی موجودگی سے مختلف افواہیں زیر گردش ہیں۔

بزنس طیارے میں عملے کے 3ارکان موجود ہیں جن میں سے کوئی بھی باہر نہیں آیا ہے۔ایوی ایشن ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیارے کی اگلی منزل کا ابھی پتا نہیں۔ ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گیا، سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے پر انہیں لے کر واپس چلا جائے گا۔دوسری جانب وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے عدالتی حکم نہیں ملا، حکام نے لاء ونگ سے مشاورت شروع کردی ہے اور مختلف پہلووٴں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔وزارت داخلہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کا نام عدالت کے حکم پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :