افغانستان سے نیٹو افواج کاانخلاء ، پاکستان نے اضافی دفاعی سازوسامان کے حصول کیلئے درخواست جمع کرادی ، افغانستان میں چھوڑا گیا سازوسامان پاکستان یا افغانستان کو مل سکتا ہے ، معاملہ زیر غور ہے، امریکی سفارتخانہ ، امریکہ نے ہمیں اسلحہ نہ دینے کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا ، آصف یاسین ملک،ہمیں تو یہی پتہ ہے امریکہ اسلحہ دے رہا ہے ، میڈیا انتہائی بااثر ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا انتہائی بااثر اور وسعت اختیار کرتا جارہا ہے ، میڈیا میں پرویز مشرف کے کیس کے حوالے سے مضحکہ خیز گانے چلانا غلط ہے ،سیکرٹری دفاع کی تقریب سے خطاب، صحافیوں سے گفتگو

منگل 1 اپریل 2014 06:26

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء ) پاکستان نے افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد اضافی دفاعی سازوسامان کے حصول کیلئے درخواست امریکی سفارتخانے میں جمع کرادی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں قائم امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد امریکہ اپنا دفاعی سازوسامان کسی اور جگہ نہیں لے جائے گا افغانستان میں چھوڑا گیا دفاعی سازوسامان پاکستان خرید سکتا ہے اور اس حوالے سے پاکستان اس درخواست پر غور کیا جارہا ہے امریکہ کا افغانستان میں اضافی دفاعی سازوسامان پاکستان اور افغانستان کو مل سکتا ہے تاہم یہ معاملہ امریکہ کے زیر غور ہے امریکہ پہلے ہی پاکستان سے سلامتی کے شعبے میں تعاون کررہا ہے۔

ادھرسیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ہمیں اسلحہ نہ دینے کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا ، ہمیں تو یہی پتہ ہے کہ امریکہ اسلحہ دے رہا ہے ، میڈیا انتہائی بااثر ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا انتہائی بااثر اور وسعت اختیار کرتا جارہا ہے ، میڈیا میں پرویز مشرف کے کیس کے حوالے سے مضحکہ خیز گانے چلانا غلط ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں ایک تقریب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

آصف یاسین ملک نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ میرا تجربہ اچھا رہا ہے مجھے غلط کوڈ کبھی نہیں کیا گیا اور نہ ہی میرے انٹرویو کو غلط رنگ دیا گیا ہے جس کی واحد وجہ اعتماد تھا میڈیا اور ریاست کو ایک دوسرے کو ثابت کرنا چاہیے اور اعتماد کرنا چاہتے ۔ ترجمان نے کہا کہ میڈیا قومی سلامتی کا اہم پلر ہے کیونکہ میڈیا عوامی رائے بناتا ہے اس کے ساتھ ساتھ میڈیا ثقافت اور نظریات کا دفاع بھی کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام کو ایجوکیٹ کرتا ہے مگر اس وقت بڑا چیلنج سوشل میڈیا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بااثر اور وسعت اختیار کرتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اعلیٰ شخصیات کے حوالے سے مضحکہ خیزی کی جاتی ہے جیسے پرویز مشرف کیس میں مضحکہ خیز گانے لگا دیئے جاتے ہیں میڈیا نے عوام کو تبدیل کرنا ہے یا خود لوگوں کے پیچھے چل کر وہ کرنا ہے جو وہ خود چاہتے ہیں یہ فیصلہ میڈیا نے خود کرنا ہے ۔ سیکرٹری دفاع نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ ہمیں اسلحہ دیکر رہا ہے یا نہیں اس حوالے سے ہمیں علم نہیں ہم نے کچھ رپورٹس دیکھی ہیں مگر ہمیں باقاعدہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ہمیں تو یہی پتہ ہے کہ امریکہ افغانستان میں استعمال شدہ اسلحہ پاکستان کو دے رہا ہے ۔