شمالی کوریا کی براہ راست مشقیں، 100کے قریب گولے جنوبی کوریا کی متنازعہ میری ٹائم سرحد کی طرف آگرے،شمالی وجنوبی کوریا میں سرحدی جھڑپ

منگل 1 اپریل 2014 06:16

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء)شمالی اور جنوبی کوریا نے پیر کو اپنی متنازعہ میری ٹائم سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ کیا ، جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی کوریا کی فوجی مشقوں کے دوران کارآمد گولے اس کے پانی میں گرنے کے جواب میں کارروائی کی ہے ۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ شمالی کوریا کی طرف سے فائر کئے جانیوالے بعض گولے ہمارے علاقے میں گرے اور ہماری طرف سے فائرنگ کے ذریعے جواب دیا گیا ۔

اس بارے میں کوئی عندیہ نہیں ہے کہ آیا دونوں طرف سے کسی مخصوص نشانے پر فائرنگ کی جارہی ہے ۔جنوبی کوریا کے زیر کنٹرول بیئنگ یونگ جزیرے ، جو کہ میری ٹائم سرحد کے قریب واقع ہے ، کے حکام نے کہا ہے کہ مکینوں کو احتیاطی اقدام کے طور پر پناہ گاہوں میں لے جایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جزیرے کے ٹاؤن ہال کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم تمام مکینوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ فوری طور پر پناہ گاہوں میں چلے جائیں اور بعض نے پہلے ہی ایسا کرلیا ہے ۔

قبل ازیں شمالی کوریا نے پیر کے روز براہ راست مشق کے دوران 500کے قریب گولے داغے جن میں سے 100کے قریب جنوبی کوریا کی متنازعہ میری ٹائم سرحد کی طرف آگرے،یہ بات سےؤل کی وزارت دفاع نے کہی۔وزارت دفاع کے ترجمان کم من سیوک نے صحافیوں کو بتایا کہ شمالی کوریا نے 500کے قریب گولے داغے اور ان میں سے100کے قریب سرحد پر جنوبی پانیوں میں گرے۔تین گھنٹے کی طویل شمالی کوریا کی مشق کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جب جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے پانیوں میں بڑی تعداد میں جوابی طور پر گولے برسائے۔

روس اور امریکا نے شمالی اور جنوبی کوریا کی افواج کے درمیان متنازعہ مغربی سمندری حدود میں توپوں کی فائرنگ کے تبادلہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ روس کے مطابق وہ شمالی کوریا کے اس لفظی بیان پر بھی پریشان ہے کہ وہ کوئی نیا جوہری تجربہ کر سکتا ہے۔ وائٹ ہاوٴس نے شمالی کوریا کے حالیہ اقدامات کو ”خطرناک اور اشتعال انگیز“ قرار دیتے ہوئے اپنے اتحادیوں کی حفاظت کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں شمالی کوریا کی جنگی مشقوں کے دوران آرٹلری فائر جنوبی کوریا کے حدود میں گرے تھے، جس کے جواب میں جنوبی کوریا کی افواج نے بھی فائر کیے۔ جنوبی کوریائی حکام نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد قریی جزیرے کو خالی کرا لیا تھا۔