کوئٹہ، بلوچستان اسمبلی میں پبلک سروس کمیشن کے تعینات ڈاکٹرز کی آبائی علاقوں میں 3 سال لازم سروس، غیرضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ اور ایئرپورٹ میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق قرار دادیں منظور

منگل 1 اپریل 2014 06:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء) بلوچستان اسمبلی میں پبلک سروس کمیشن کی جانب سے تعینات ہونے والے ڈاکٹرز کی ان کے آبائی علاقوں میں 3 سال لازم سروسز چمن اور تفتان بارڈر پر غیرضروری چیک پوسٹوں کے خاتمے اور کوئٹہ ایئرپورٹ میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق قرار دادیں منظور کر لی گئیں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر جان محمد جمالی کی زیر صدارت شروع ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے پبلک سروس کمیشن کے تحت تعینات ہونے والے ڈاکٹروں کی ان کے علاقوں میں تعیناتی اور تین سال لازم سروسز سے متعلق قرار داد پیش کی قرار داد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رحمت بلوچ نے کہا کہ صوبہ میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ڈاکٹروں کی اشد ضرورت ہے ضلعی اور دیہی علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی کے باعث ہسپتال بحران کا شکار ہے جبکہ ماہر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے تمام اضلاع میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لہٰذا جو ڈاکٹر پوسٹ گریجویٹ کا امتحان پاس کریں ان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے آبائی ضلع میں تین سے پانچ سے لازم سروس فراہم کریں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تعلیم ہو یا صحت ہم اس میں خاطر خواں بہتری لارہے ہیں ہم یہ نہیں کہتے کہ کوئی انقلابی تبدیلیاں آئیں گی تاہم موجودہ مخلوط حکومت نے ماضی کے مقابلے صحت اور تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے ہیں تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے حکومت اپنے واضح موقف پر قائم ہے یہاں تعلیم کے شعبہ میں بہت سے خامیاں تھیں تعلیمی اسناد بازاروں میں بک رہی تھیں جن کی بنیاد پر لوگوں کو تعینات کیاجارہاتھا ہم نے غیرقانونی تعیناتیوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائے اور میں وثوق سے کہتا ہوں کہ ہم صحت اور تعلیم کے شعبہ میں اب تک نمایاں بہتری لانے میں قوی حد تک کامیاب ہوئے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی ہم ارکان اور اپوزیشن سے کہتے ہیں کہ وہ جہاں کہیں بھی کوئی بے ضابطگی دیکھیں ہمیں بتائیں کہ ہم اس کیخلاف کارروائی کریں گے موجودہ حکومت نے رواں سال درسی کتب کی ترسیل کو بروقت یقینی بنایا ماضی میں تعلیمی سال شروع ہوجانے کے 4 ماہ بعد بھی کتابوں کی ترسیل کو یقینی نہیں بنایاجاتا تھا انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سفارشات آتی ہیں مگر ہم ان لوگوں کو آگے لاتے ہیں جو اہلیت رکھتے ہوں ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں اجلاس میں چمن اور تفتان بارڈر پر قائم چیک پوسٹوں کے فوری خاتمہ سے متعلق قرار داد پشتونخواملی عوامی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے نے پیش کی انہوں نے کہا کہ ایک جانب جہاں پنجاب میں لاہور تا واہگہ بارڈر اور صوبہ سندھ میں تھر بارڈر سے لوگ اپنی تجارت اور ضروریات زندگی کی اشیاء کی نقل حمل پر بغیر کسی پابندی کے کام کررہے ہیں مگر اس کے برعکس جو رقبہ کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے یہاں چمن اور تفتان بارڈر باقاعدہ حکومتی ٹیکس جمع کروانے کے باوجود ضروریات زندگی کی اشیاء کی نقل حمل پر لوگوں کو مختلف چیک پوسٹوں سے گزرنا پڑتا ہے عوام سے کسٹم ایف سی  ایف آئی اے اور پولیس ٹیکسوں کے نام پر بھتہ وصول کررہی ہے جس سے عوا م کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے قرار داد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم مشکل حالات سے گزررہے ہیں صوبہ میں امن وامان کی بہتری جرائم کے خاتمہ اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں چیک پوسٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ جب چیک پوسٹیں نہیں تھیں تو حالات کس نہج پر تھے اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے کتنے واقعات رونما ہورہے تھے ارکان اسمبلی اگر یہ سمجھتے ہیں کہ چیک پوسٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے تو ہم مل بیٹھ کر بات کرتے ہیں جہاں تک ایف سی کی چیک پوسٹوں کا تعلق ہے تو ہمیں جہاں بھی ضرورت ہوتی ہے تو ہم انہیں وہاں بلاتے ہیں ایف سی اگر ہماری معاونت نہ کرتی تو آج صوبہ کے حالات یکسر مسترد ہوتے ایف سی کی چیک پوسٹوں کے خاتمہ سے ایسے حالات پیدا ہونگے جس سے نبرآزما ہونا مشکل ہوگا بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ایف سی کا رویہ نامناسب ہوتا جارہا ہے گزشتہ دنوں بھی گڑنگ چیک پوسٹ پر ایک گاڑی کو فائرنگ کرکے روکا گیا مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ہماری اکثر قراردادوں کو وفاق ردی کی ٹوکری میں ڈال دیتا ہے اگر وفاق کا رویہ اسی طرح رہا تو بہتر ہے تو ہم قرار دادیں نہ لائیں کیونکہ اگر اس حیثیت ہی نہیں تو ہم کیوں اسمبلی کے استحقاق کو مجروح ہونے دیں انہوں نے کہا کہ ایف سی چیک پوسٹیں ختم کر دی جائیں اگر حکومت اس معاملے پر بھی بات نہیں کر سکتی تو اس سے واضح ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت بے اختیار ہے اور یہاں حکومت نواز شریف چلارہے ہیں رکن صوبائی اسمبلی منظورکاکڑ نے کہا کہ اگر ایف سی کا رویہ اسی طرح رہا تو لوگ کہاں جائیں گے ہمارے لوگوں کو بلاجواز تنگ کیا جارہا ہے ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا یہ لوگ اس ملک کا حصہ نہیں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ ہاشمی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبہ کو اختیارات حاصل ہوئے ہیں اس میں صوبائی حکومت ازخود بہت سے فیصلہ کر سکتی ہے مگر یہاں یہ آمر بھی قابل غور ہے صوبائی حکومت خود بھی ایف سی کے اختیارات دو ماہ کیلئے بڑھا دیتی ہے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس ضمن میں میری خود بھی انسپکٹرجنرل فرنٹیئر کور سے بات ہوئی اور انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایف سی اہلکاروں کو بھتہ خوری اور اسمگلنگ میں ملوث نہیں ہونے دیں گے ایف سی کو درحقیقت لتاڑنے کی ایک روایت بن چکی ہے ایف سی ہماری فورس ہے اور اسے ہم خود لائے ہیں صوبائی حکومت پر بے اختیار ہونے کے الزامات قعطاً درست نہیں وفاق ہمارے ساتھ مکمل تعاون میں ہے ہم چاہتے ہیں کہ صوبہ میں امن وامان کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں انہوں نے کہا کہ اصل اعداد و شمار سامنے لانے کیلئے وزیراعلیٰ ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں جس میں آئی جی ایف سی کو بھی شامل کیا جائے بحث کے بعد قرار داد کو منظور کرلیا گیا بلوچستان اسمبلی میں کوئٹہ ایئرپورٹ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے سے متعلق قرار داد راحت بی بی جمالی نے پیش کی انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ کا شمار ملک کے دیگر بین الاقوامی ایئرپورٹس میں ہوتا ہے تاہم دوسری جانب کوئٹہ ایئرپورٹ کسی بھی بین الاقوامی ایئرپورٹ کی منظور شدہ سہولیات سے یکسرمحروم ہے اور صرف ایک ایمرجنسی لینڈنگ کی اماجگاہ کا منظر پیش کررہا ہے لہٰذا کوئٹہ ایئرپورٹ کو ملک کے دیگر ایئرپورٹس کے مساوی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس کی تذین و آرائش پر فوری توجہ دی جائے بحث میں حصہ لیتے ہوئے پشتونخواملی عوامی پارٹی کی رکن اسمبلی سپوزمئی اچکزئی نے کہا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ پر جدید سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے بلوچستان اور کوئٹہ کے ایئرپورٹ کی حالت نہ گفتہ بے ہے لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ یہاں نئے ایئرپورٹس کی تعمیر کو بھی یقینی بنایاجائے کیونکہ خراب موسم کے باعث یہاں لینڈنگ انتہائی مشکل ہوجاتی ہے انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں سے افسران لانے کے باعث یہاں سہولیات کا فقدان ہے کیونکہ وہ اپنی نوکری کا ٹائم پورا کرتے ہیں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹررقیہ ہاشمی نے کہا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ تو کہا جاتا ہے مگر افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں اس قسم کی کوئی سہولت موجود نہیں جو انتہائی افسوسناک صورتحال ہے ڈاکٹرحامد خان اچکزئی نے کہا کہ ماضی میں بھی ہم نے قومی اسمبلی سے قرار داد منظور کرائی تھی کوئٹہ ایئرپورٹ تو پہاڑوں کے درمیان ہے جہاں بڑے جہازوں کی لینڈنگ خطرے سے باہر نہیں محض ہمیں خوش کرنے کیلئے یہ کہا جاتا ہے کہ یہاں پر رات کو بھی لینڈنگ کی جارہی ہے مذکورہ قرار داد کو بھی اتفاق رائے سے منظور کرلیاگیا اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔