جاپانی نائب وزیر برائے اُمور خارجہ کی وزیراعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں،معاشی استحکام اور پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد ہماری کامیابی کے لئے ناگزیر ہے ،وزیراعظم نواز شریف

بدھ 2 اپریل 2014 04:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد ہماری کامیابی کے لئے ناگزیر ہے جو علاقائی امن و استحکام کے لئے بھی بہت اہم ہے۔اس امرکا اظہارانہوں نے جاپانی نائب وزیر خارجہ شن سیوک جے سوگی یاما سے منگل کووزیراعظم ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے سماجی، تعلیمی اور صحت کے مختلف شعبوں میں پاکستان کو درکار سماجی و اقتصادی ضروریات پر توجہ کے حامل کئی منصوبہ جات میں جاپانی معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاپان ایک قابل قدر دوست اور ترقیاتی شراکت دار ہے اس کی سرمایہ ہائے کاری بالخصوص توانائی کے شعبہ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، سلامتی، توانائی، ادارہ جاتی تشکیل و استعداد کار میں اضافہ کے حوالے سے وسیع تر تعاون کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول کی گیسی فکیشن میں جاپانی تکنیکی معاونت سے پاکستان میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں اضافہ کا رجحان ہے تاہم دونوں اطراف پر وسیع گنجائش موجود ہے جس سے باہمی مفاد میں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے موقع پر پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جاپان کے نائب وزیر برائے امور خارجہ مسٹر شنسو کے سوگیاما نے منگل کے روز ملاقات کی ہے،آئی ایس پی آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔