سپریم کورٹ نے تارکین وطن کی سہولت کیلئے دنیا بھر میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ لگانے کا حکم دیدیا ، وزارت خارجہ سے پندرہ روز میں رپورٹ طلب،تارکین وطن کو پاسپورٹ کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے،چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی

بدھ 2 اپریل 2014 04:36

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء )سپریم کورٹ نے پا کستا نی تارکین وطن کی سہولت کیلئے دنیا بھر کے ممالک میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ لگانے کا حکم دیتے ہوئے وزارت خارجہ سے پندرہ روز میں رپورٹ طلب کرلی ہے ،چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ تارکین وطن کو پاسپورٹ کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے جہاں مشین ریڈایبل پاسپورٹ نہیں ہے یا عملہ نہیں ہے وہاں اس کے انتظامات کئے جائیں اب اس طرح کی شکایات دوبارہ نہیں آنی چاہیے جبکہ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ریڈایبل پاسپورٹ کے حوالے سے مشینیں تو بجھوا رہی ہے مگر عملہ نہ ہونے کی وجہ سے سارا کام غیر فعال ہے ۔

مانچسٹرمیں مشین تو پہنچی مگر عملہ نہیں پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ ریمارکس منگل کے روز دیئے ہیں جبکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اس دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بیجنگ میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ لگادی گئی ہے اور عملہ بھی پہنچ گیا ہے باقی ممالک میں بھی مرحلہ وار مشینیں نصب کردی جائینگی اور ماہرین بھی بھجوا دیئے جائینگے اس پر عدالت نے سماعت پندرہ روز تک ملتوی کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے باقی ممالک میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ لگانے کے حوالے سے رپورٹ طلب کی ہے ۔