”بھارت امریکہ سفارتی تنازع“ امریکی سفیر نینسی پاول نے استعفیٰ دے دیا ،نینسی پاول کی ریٹائرمنٹ کا بھارت کے انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، تر جما ن امر یکی محکمہ خا رجہ

بدھ 2 اپریل 2014 04:14

نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء )بھارت اور امریکا کے درمیان سفارتی تناوٴ میں اضافہ ہوگیا، بھارت میں امریکی سفیر نینسی پاول نے استعفیٰ دے دیا۔ امریکی سفیر نینسی پاول نے بھارت میں عام انتخابات سے چند روز پہلے ہی اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے مختصر بیان میں نینسی پاول نے مستعفی ہونے کی وجہ نہیں بتائی، ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے مستعفی ہونے کے بارے میں پہلے سے طے کررکھا تھا۔

تاہم تجزیہ کار نینسی پاول کے استعفے کو نیویارک میں بھارتی سفارتکار دیویانہ کھوبراگڑے کے معاملے سے جوڑ رہے ہیں۔ دیویانی کھوبراگڑے کو ویزا اسکینڈل کے سلسلے میں امریکا میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں میں سفارتی تنازع کھڑاہوگیا تھا سفیر نینسی پاول نے اعلان کیا ہے کہ وہ مئی کے آخر میں سرکاری نوکری سے چھٹی لے رہی ہیں اور انھوں نے صدر اوباما کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ نینسی پاول بھارت میں سنہ 2012 سے سفیر کی حیثیت سے کام کرتی رہیں ہیں۔وہ یوگنڈا، گھانا، پاکستان اور نیپال میں امریکی سفیر رہ چکی ہیں۔بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ نینسی پاول کو بھارتی سفارت کار دیویانی یھوبراگڑے کی نیو یارک میں گرفتاری سے پیدا ہونے والی کشیدگی کا خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ میں اعلیٰ عہدے پر کام کرنے والے ایک سابق اہل کار نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکی حکومت وقت سے قبل اپنے سفیر کو ہٹانے کا فیصلہ بہت ہی غیر معمولی صورت حال میں کرتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ وکی لیکس کے ذریعے خفیہ امریکی دستاویزات افشا ہونے کے بعد کچھ سفیروں کو ہٹایا گیا تھا کیونکہ وہاں کی حکومتوں نے ان سفیروں کے ساتھ کام کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پاول کے معاملے میں ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا کیونکہ بھارت میں ہونے والے انتخِابی سروے کے مطابق انتخابات کے بعد موجودہ حکومت کے لوٹنے کا امکان کم ہے اور ایسے میں سفیر کو تبدیل کرنے کے لیے دباوٴ ڈالنا ان کی ترجیح نہیں ہوگی۔

نئی حکومت کی شکل کیا ہوگا یہ ابھی کہیں طے نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک نریندر مودی کو ویزا جاری نہ کرنے کا سوال ہے یا ان سے رابطہ کرنے میں دیر کرنے کی بات ہے تو اس کی ذمہ داری صرف سفیر کی نہیں تھی۔دوسری جانب امریکی وزارتِ خارجہ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ صدر اوباما کو پاول کی قابلیت پر پورا بھروسہ ہے۔امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ نینسی پاول کی ریٹائرمنٹ کا بھارت کے انتخابات سے کوئی تعلق نہیں اور یہ پہلے سے ہی طے تھا، پاول 37 سال کی کامیاب سروس کے بعد چھٹی لے رہی ہیں اور ڈیلاویئر میں واقع اپنے گھر کو لوٹ رہی ہیں۔