حلف نہ اٹھانے والے ڈاکٹروں کی برطرفی کا حکومتی نوٹیفیکیشن کالعدم قرار ، ڈاکٹرزکو دس یوم میں اپنی نوکری جوائن کرنے کا آخری موقع دیدیاگیا

بدھ 2 اپریل 2014 04:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے حلف نہ اٹھانے والے داکٹروں کی برطرفی کے حکومتی نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹروں کو دس یوم میں اپنی نوکری جوائن کرنے کا آخری موقع دیدیا۔گزشتہ روز مسٹرجسٹس خالد محمود خان کی عدالت میں ڈاکٹروں کے وکیل نے بتایا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کاامتحان پاس کرنیوالے ڈاکٹروں سے حلف نامے طلب کیا جانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

حلف نامہ جمع نہ کرانے والے ڈاکٹروں کوبلاجواز نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ ان ڈاکٹروں دیہی علاقوں میں تعینات کیا گیا تھا مگر انہوں نے وہاں پر جوائننگ نہیں دی جس کی وجہ سے ان ڈاکٹروں کو برطرف کیا گیا۔فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد برطرف کئے گئے درجنوں ڈاکٹروں کی برطرفی کا حکومتی نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹروں کو حلف نامہ جمع کرانے کی ہدائت کرتے ہوئے دس یوم میں سروس جوائن کرنے کا آخری موقع دیدیا۔ فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاکو آئندہ سماعت پر مزید بحث کیلئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔