بزازیل میں اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈکپ میں پاکستان نے اپنے پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت کو 13 گول کے بھاری مارجن سے بدترین شکست دیدی ، رازق مشتاق نے 8 گول اسکو ر کرکے سب سے زیادہ گول مار نے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا

بدھ 2 اپریل 2014 04:08

ریوڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء)برازیل میں منعقد ہونے والے اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈکپ میں پاکستان نے اپنے پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت کو 13 گول کے ساتھ بدترین شکست سے دوچار کردیا، میچ میں بھارتی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کرسکی، جبکہ پاکستانی ٹیم رازق مشتاق نے 8 گول اسکور کرکے اسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول مار نے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، دوہزار دس میں ہونے والے اسٹریٹ چلڈرن فٹبال کپ میں بھارت ناقابل شکست اور عالمی چیمیپئن بنا تھا، جو بظاہر اپنا دفاع کرنے میں ناکام نظر آرہا ہے، پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کینیا کے ساتھ کھیلے گی، یہ پہلا موقع ہے کہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال کپ میں پاکستان کی ٹیم نے شرکت کی ہے، آزاد فاوٴنڈیشن کے چیئرمین مینجمنٹ نوید حسن خان نے قومی فٹبال ٹیم کی کامیابی کو پاکستان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے اہلیان پاکستان کو مبارکباد دی ہے، اور اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم اسی جذبے اور اسپرٹ کے ساتھ کھیلتے ہوئے انشاء اللہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ کی فاتح بنے گی، انہوں نے کہا ہے کہ یہ نہ صرف پاکستان کے اسٹریٹ چلڈرن بلکہ بھارت کے اسٹریٹ چلڈرن کو ایک دوسرے کے نزدیک لانے کا اچھا موقع تھا کیونکہ دونوں ممالک کے ایسے بچے ایک جیسے حالات کا شکار ہوتے ہیں، نوید حسن نے پاکستانی قوم سے اپیل کی وہ پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

متعلقہ عنوان :