ورلڈ ٹی 20 کپ ، آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کرلی، بنگلہ دیش ہوم گراؤنڈز میں کوئی کامیابی بھی حاصل نہ کرسکا ،ارون فنچ مرد میدان قرار ،وویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں ،بنگال وویمنز نے سری لنکا کو 3رنزسے شکست دیدی

بدھ 2 اپریل 2014 04:09

چٹاکانگ، سلہٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء ) آسٹریلیا نے ورلڈ ٹی 20 کپ میں بنگلہ دیش کو گروپ بی میں سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں آخرکار پہلی کامیابی حاصل کرلی ، بنگلہ دیش ہوم گراؤنڈ ز پر کوئی بھی کامیابی حاصل نہ کرسکا ،ارون فنچ میچ میں مرد میدان قرار پائے ،بنگال وویمنز نے سری لنکا کو 3رنزسے شکست دیدی ۔ بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی 20 کے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بنائے ، شکیب الحسن 66، مشفیق الرحیم 47اور ناصر حسین 14رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔

آسٹریلیا کے کارٹر نیل نے دو ، سٹارک ، بولنجر اور واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔154رنز کے تعاقب میں آ سٹریلیا کے اوپنرز نے عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم وارنر 98کے مجموعی سکور پر 48رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ،135 پر آسٹریلیا کی دوسری وکٹ گری جب ارون فنچ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا نے مقررہ ہدف 17.3 اوورز میں 3وکٹوں پر پورا کرلیا میچ میں 71رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر ارون فنچ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔

یہ آسٹریلیا کی ٹورنامنٹ میں پہلی فتح تھی جبکہ بنگال ٹائیگرز اپنے ہی ہوم گراؤنڈ میں فتح کو ترس گئے اور کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ دوسری جانب وویمنز ورلڈ ٹی 20میں بنگلہ دیش وویمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 115رنز بنائے رومانہ احمد 41، سلمیٰ خاتون 22، شرمین اختر 18اور فہمیمہ خاتون 14رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ سری لنکا کی پرامو دہانی اور گونارتنے نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں ۔116رنز کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 112رنز بنا سکی اور بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ تین رنز سے جیت لیا ۔ بیامینڈس 33، سری وردھنی 31اور جیاگنی 17رنزکے ساتھ نمایاں رہے بنگلہ دیش کی نیاگوش نے تین وکٹیں لیں ۔