حج آپریشن کے بعد پی آئی اے کے چھ خستہ حال جہازوں کو سکریپ کی صورت میں شفاف طریقے سے نیلام کردیا جائے گا‘ راجہ جاوید اخلاص،ایک ماہ میں وفاقی اداروں میں ایماندار سربراہان کو تعینات کردے گی،شیخ آفتاب، علماء کرام مساجد میں لوگوں کو ناپسندیدہ ٹی وی چینلز نہ دیکھنے کی تلقین کریں تاکہ فحاشی اور ناچ گانوں کی شکایات موصول ہی نہ ہوں،پرویز رشید۔۔۔۔قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

جمعرات 3 اپریل 2014 06:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء) پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ حج آپریشن کے بعد پی آئی اے کے چھ خستہ حال جہازوں کو سکریپ کی صورت میں شفاف طریقے سے نیلام کردیا جائے گا‘ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جن وفاقی اداروں کے سربراہان تعینات نہیں ہوسکے ان میں حکومت ایک ماہ کے عرصے میں ایماندار افراد کو تعینات کردے گی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ علماء کرام مساجد میں لوگوں کو ناپسندیدہ ٹی وی چینلز نہ دیکھنے کی تلقین کریں تاکہ فحاشی اور ناچ گانوں کی شکایات موصول ہی نہ ہوں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی شکیلہ لقمان کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پی آئی اے بین الاقوامی اور لوکل سطح پرر مسافروں کو لے کر جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر روٹس کو دیکھنا ہوگا۔ رکن سمبلی شکیلہ لقمان کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری محمد عاشق نے ایوان کو بتایا کہ ڈبل ٹریک پر کام شروع کردیا ہے جوکہ جلد مکمل ہوجائے گا۔

ان منصوبوں پر 3 ارب 6 کروڑ 90 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔ لاہور سے کراچی ٹریک مکمل ہوگا۔ اسے مکمل کرنے کیلئے بولی دی جائے گی۔ رکن اسمبلی اسد عمر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں شیڈول فلائٹس آتی ہیں۔ ملک میں نیا نظام متعارف کروارہے ہیں۔ سابقہ دور کی بددیانتی کے حوالے سے تحقیقات ہورہی ہیں۔

رکن اسمبلی بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری سید محمد عاشق حسین نے ایوان کو بتایا کہ رواں مالی سال میں 31 ارب 6 کروڑ روپے ریونیو کمانا ہے۔ پاکستان ریلوے کو دئیے گئے ہدف سے 756 بلین روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ اس وقت سی ڈی اے کی 35 کچی آبادیاں ہیں جن میں سے دس کی بورڈ نے اجازت دی ہوئی ہے دیگر کو ختم کردیا جائے گا۔

شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری سید عاشق حسین نے ایوان کو بتایا کہ 9 لوکوموٹوز کی مرمت کردی ہے جبکہ 27 کو مرمت کے بعد بحال کردیں گے اور مرمت کا کام لاہور کیرج فیکٹری میں ہورہا ہے۔ رکن اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے ایوان کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے پی آئی اے میں بہتری لانے کا فیصلہ کیاہے اور 11 جہاز پی آئی اے کو دئیے ہیں جبکہ 6 جہازوں کو گراؤنڈ کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے اندر ان کی مرمت نہیں کی جاسکتی۔ ان کو بین الاقوامی سطح پر ٹینڈرز دے کر فروخت کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حج آپریشن کے بعد انہیں شفاف طریقے سے نیلام کردیں گے۔ سید وسیم کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ 1998ء سے پی آئی اے کا خسارہ بڑھتا گیا۔ حکومت نے پی آئی اے کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے 12 ارب روپے کا امدادی پیکیج دیا ہے۔

سید وسیم حسین نے کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ جہازوں کی تاخیر کے واقعہ کی تحقیقات کرائیں گے۔ اضافی جہاز اضافی ملازمین کیلئے لائے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ گذشتہ پانچ برسوں سے آج تک کے دوران پی آئی اے میں کی گئی بھرتیوں کی وجہ سے ادارہ مشکلات کا شکار ہے۔

حکومت وعدوں کی بجائے عملی طور پر کام کرکے دکھاتی ہے۔ جو ادارے بغیر سربراہ کے چل رہے ہیں حکومت ان اداروں کے سربراہان کو تعینات کردے گی۔ جماعت اسلامی کے شیر اکبر کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ ٹی وی چینلز پر ایسی چیزیں نشر ہوجاتی ہیں جن کی وجہ سے معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔ پیمرا کو جب شکایات موصول ہوتی ہیں ان کا نوٹس لے کر ان پرائیویٹ چینلز کو جرمانے کئے جاتے ہیں جبکہ چینلز نے حکم امتناعی لے رکھا ہے۔

پیمرا کو بااختیار بنانے کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علماء کرام مساجد میں لوگوں کو بتائیں کہ کونسا چینل دیکھیں اور کونسا نہ دیکھیں۔ جمشید دستی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات کے ذمے 25 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم واجب الاداء ہے۔