وزیراعلیٰ سے اے لیول کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستانی طالبعلم امیرحمزہ کی ملاقات، امیر حمزہ نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ،ذہین طلبا کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے، وزیراعلیٰ کی طالبعلم کو مبارکباد،وزیراعلیٰ کی طرف سے امیر حمزہ کو پین کا تحفہ، شہباز شریف علم دوست وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں، طالبعلم کا خراج تحسین

جمعرات 3 اپریل 2014 05:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے اے لیول پارٹ ون کے امتحانات میں آؤٹ سٹینڈنگ کیمبرج لرنرز ایوارڈ حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم سردار امیر حمزہ ڈوگر نے آج یہاں ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے طالب علم سردار امیر حمزہ کو کیمبرج امتحانات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سردار امیر حمزہ جیسے طلبا پر پوری قوم کو فخر ہے- امیر حمزہ نے اپنی محنت، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی بھرپور توجہ کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے- بلاشبہ کیمبرج جیسے بین الاقوامی امتحان میں اہم پوزیشن حاصل کرنا ایک اعزاز ہے- امیر حمزہ جیسے ہونہار طالب علم پاکستان کا مستقبل اور امید کی کرن ہیں- انہوں نے کہا کہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم ہمارے سر کا تاج ہیں اور پنجاب حکومت ہونہار اور ذہین طلبا کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی- وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہونہار طالب علم امیر حمزہ کو پین کا تحفہ بھی دیا اور کہا کہ طلبا کو علم کے میدان میں ملک کا نام مزید روشن کرنا ہے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے- ملاقات کے دوران سردار امیر حمزہ ڈوگر نے پنجاب حکومت کی تعلیمی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف علم دوست وزیراعلیٰ ہیں، جنہوں نے تعلیم کے شعبہ کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں- وزیراعلیٰ کی جانب سے حوصلہ افزائی پر ان کا شکرگزار ہوں اور آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرنے کیلئے بھرپور محنت کروں گا- صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، پریس سیکرٹری وزیراعلی ، ڈی جی پی آر اور طالبعلم کے والد کرنل (ر) سردار نذیر ڈوگر بھی اس موقع پر موجود تھے- سردار امیر حمزہ گیریژن اکیڈمی لاہور کے طالب علم ہیں- انہوں نے او لیول کے امتحان میں 9 مضامین میں سے 8 اے سٹار حاصل کئے جبکہ اے لیول پارٹ ون کے امتحان میں 3اے سٹار لئے جس پر کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشن کی جانب سے امیر حمزہ کو آؤٹ سٹینڈنگ کیمبرج لنرنرز ایوارڈ دیا گیا