کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ، کراچی اسٹاک مارکیٹ بلندی کی نئی سطح پر پہنچ گئی، کے ایس ای100انڈیکس بیک وقت 4نفسیاتی حدیں عبور کر گیا، 27932پوائنٹ کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا

جمعرات 3 اپریل 2014 05:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء)کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافے کے بعد کراچی اسٹاک مارکیٹ بدھ کے رو ز بلندی کی ایک اور نئی سطح پر پہنچ گئی، کے ایس ای100انڈیکس بیک وقت 4نفسیاتی حدوں کو عبور کر گیا اور27932پوائنٹ کی تاریخی سطح پر بند ہوا ، 73ارب سے زائد روپے کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 67کھرب روپے کی انتہائی بلند ترین سطح سے تجاوز کر گیا جبکہ کاروباری لین دین منگل کی نسبت2کروڑ شیئرز زائد رہا ۔

اس طرح صرف دو دن میں سرمائے کے مجموعی حجم میں 147ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے ۔ملکی زرمبادلہ کے ذخائر10ارب ڈالر سے بڑ ھ جانے اور معیشت کی مضبوطی کے امکانات کے پیش نظر سرمایہ کار بدھ کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی سرگرم دکھائی دیئے ،بینکنگ ،سیمنٹ سیکٹر سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری اور خریداری کی لہر میں تیزی کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس مستحکم انداز میں بلندی کی جانب گامزن رہی ،کاروباری تیزی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس27600،27700،27800اور27900کی نفسیاتی حدوں کو عبور کرتا ہوا 27932.02پوائنٹ پر بند ہوا اس طرح کے ایس ای100انڈیکس میں 366.52پوائنٹ کا اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ280.57پوائنٹ کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 19768.80پوائنٹ اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس20624.39پوائنٹ سے بڑھ کر20853.59پوائنٹ تک جا پہنچا ۔

(جاری ہے)

کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 73ارب 50کروڑ64لاکھ 11ہزار سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 66کھرب 52ارب66کروڑ46لاکھ 78ہزار 947روپے سے بڑھ کر67کھرب26ارب17کروڑ10لاکھ 90ہزار214روپے ہو گیا ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز مجموعی طور پر378کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 223کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،128میں کمی اور27کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

کاروبار کے لحاظ سے سمٹ بینک 3کروڑ1لاکھ ،لوٹے کیمیکل 1کروڑ70لاکھ ،لافارج پاکستان 1کروڑ63لاکھ ،فوجی سیمنٹ1کروڑ55لاکھ اور میپل لیف سیمنٹ 1کروڑ41لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے باٹا پاکستان کے بھاؤ میں130.75روپے اور صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں40.24روپے کا اضافہ جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ میں 410روپے اور یونی لیور فوڈ کے بھاؤ میں213.14روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :