پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ آرمی چیف کی مشاورت سے نہیں کیا گیا ہے،حکومتی ترجمان کی وضاحت،مشرف کے مقدمے کی پیروی ان کے قانونی معاون کررہے ہیں یہ معاملہ عدالت میں ہے،ر عدالت ہی اس کی سماعت کررہی ہے ۔ وقت سے پہلے اس قسم کی باتیں اور فیصلے جاری کرنا مساوات اور انصاف کے حصول کے خلاف ہے،پرویز رشید

جمعہ 4 اپریل 2014 06:52

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء ) حکومتی ترجمان نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ آرمی چیف کی مشاورت سے کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایک بیان میں حکومتی ترجمان اور وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے مقدمے کی پیروی ان کے قانونی معاون کررہے ہیں یہ معاملہ عدالت میں ہے اور عدالت ہی اس کی سماعت کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وقت سے پہلے اس قسم کی باتیں اور فیصلے جاری کرنا مساوات اور انصاف کے حصول کے خلاف ہے انہوں نے کہا کہ کچھ بیانات اور انٹرویو ایسے آرہے ہیں جو بالکل غیر ضروری ہیں حکومت سختی سے اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی ادارہ ہیں اور ان کے وقار پر کسی طور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ادارے کے بارے میں کسی قسم کی باتیں اور طنز انتہائی قابل افسوس ہے ۔