پرویز رشید نے پرویز مشرف کو”مولانا “ کا خطاب دیدیا،مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنا حکومت کے اختیار میں نہیں‘ ای سی ایل سے نام نہ نکالنے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ،وزیر اطلاعات،دوسرے ممالک میں مداخلت کرتے ہیں نہ اپنے ملک میں مداخلت کرنے دیں گے‘ میڈیا سے بات چیت

جمعہ 4 اپریل 2014 06:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے سابق صدر پرویز مشرف کو ”مولانا“ کا خطاب دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے طالبان کو پاکستان پر مسلط کیا‘ وزیراعظم ایران جانا چاہتے ہیں‘ ایران کے تحفظات اور گلے شکوے دور کئے جائیں گے‘ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے‘ دوسرے ممالک میں مداخلت کرتے ہیں اور نہ ہی اپنے ملک میں کسی کو مداخلت کرنے دیں گے‘ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنا حکومت کے اختیار میں نہیں‘ نواز شریف کی پالیسی سے پاکستان پرامن ملک بن گیا ہے‘ مشرف کی صحت یابی پر مبارکباد دیتے ہیں‘ راستے میں دھماکہ کرنے والوں کو جلد پکڑ لیں گے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مولانا پرویز مشرف نے طالبان کو قوم پر مسلط کیا۔

(جاری ہے)

تمام چیزیں ورثے میں ملی ہیں۔ ماضی میں کسی میں جرات نہیں تھی کہ توانائی بحران کے حل کیلئے پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات اور امن کیلئے طالبان کیساتھ مذاکرات شروع کرسکے۔ نواز شریف اقتدار سے پہلے بھی ڈرون حملوں کی بندش کے حامی تھے اور حکومتی پالیسی کی وجہ سے آج درون حملے نہیں ہورہے۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا پاکستان کی تعریفیں کررہی ہے۔ پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ملک بن رہا ہے۔ افغانستان میں مداخلت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی ملک میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے۔ پاکستان اپنے معاملات میں کسی کو مداخلت نہیں کرنے دے گا۔ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان اور بھارت میں پرامن انتخابات ہوں اور افغانستان میں بھی پاکستان کی طرح جمہوریت پروان چڑھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایران سے ہمارے اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم خود ایران جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ایران کے تحفظات اور گلے شکوے دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ زمانہ گزر گیا جب پاکستان کو جنگوں میں پھنسادیا جاتا تھا۔ نواز شریف نے پاکستان کو جنگ سے نکالنے کی قیمت ادا کی ہے۔ اب پاکستان دنیا میں امن کے سفیر کے طور پر جانا چاہئے۔

ہم جنگ کے سوداگر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام لگتا ہے کہ ہم پرویز مشرف کو بیرون ملک نہیں جانے دے رہے۔ ایسی کوئی بات نہیں پرویز مشرف کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ پرویز مشرف کی ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست آئی تھی۔ پارٹی کا متفقہ فیصلہ تھا کہ قانونی رائے حاصل کی جائے۔ پارٹی میں اس معاملے میں کوئی اختلاف نہیں۔ قانونی مشاورت میں بتایا گیا کہ حکومت کے پاس اختیار نہیں ہے کہ وہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے۔

وزیر اطلاعات نے پرویز مشرف کو صحت یاب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں صحت یاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھماکہ پرویز مشرف کے گزر جانے کے بعد ہوا‘ تحقیقات جاری ہیں‘ جلد ملزموں کو پکڑلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی موٹروے منصوبے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :