خطے کی صورتحال کے باعث نئے سکیورٹی چیلنجز درکار ہیں، جنرل راشد،مسلح افواج میں اتحاد اور مکمل ہم آہنگی کی ضرورت ہے ،پاک فضائیہ ہمیشہ عوام کی توقعات پر پوری اتری ہے اور اپنی اعلی کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتی ہے،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کاپی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب ، کیڈٹس کو ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت ، ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بھی شریک تھے ،مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش

جمعہ 4 اپریل 2014 06:59

رسالپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود خان نے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال کے باعث کئی سکیورٹی چیلنجز ہیں‘ مسلح افواج میں اتحاد اور مکمل ہم آہنگی کی ضرورت ہے‘ پاکستان ایئرفورس کو دنیا بھر میں اعلی مقام حاصل ہے‘پاک فضائیہ ہمیشہ عوام کی توقعات پر پوری اتری ہے اور اپنی اعلی کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتی ہے‘پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کی اب یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رکھیں۔

جمعرات کو پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود خان تھے۔ تقریب میں چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور سے 85 زیر تربیت آفیسرز‘ 17 ایوی ایشن کیڈٹس اور 113 کیڈٹس نے کمیشن حاصل کیا۔ کمیشن حاصل کرنے والوں میں 2 اردن اور 1 نائیجیرین کیڈٹ بھی شامل ہے۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود خان نے چیمپئن سکواڈرن کو قائداعظم بینر سے نوازا۔ پائلٹ آفیسر علی حسنین کو کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ کی ٹرافی‘ پائلٹ آفیسر حافظ محمد عمر کو اعزازی شمشیر اور چیف آف ایئر سٹاف ٹرافی سے نوازا گیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ٹرافی پائلٹ آفیسر تیمور طارق نے حاصل کی۔ چیف آف ایئر سٹاف ٹرافی مقرات تنویر کو دی گئی۔ کیڈٹس کو اعزازات دینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی و چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود خان نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس‘ ان کے والدین اور عزیزواقارب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں‘ خوشی ہے کہ اکیڈمی سے دوست ممالک اردن کے دو اور نائیجیریا کا ایک کیڈٹ بھی فارغ التحصیل ہوا۔

ان کے والدین اور عزیزوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ عوام کی توقعات پر پوری اتری ہے اور اپنی اعلی کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتی ہے۔ پی اے ایف اکیڈمی کیڈٹس کو اعلی تربیت فراہم کرتی ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کی اب یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رکھیں۔ یہ کیڈٹ تمام ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث نئے سکیورٹی چیلنجز درکار ہیں۔ مسلح افواج میں اتحاد اور مکمل ہم آہنگی کی ضرورت ہے اور مشترکہ آپریشن کی کامیابی افواج پاکستان کے درمیان ہم آہنگی کا مظہر ہے۔