ای او بی آئی اسکینڈل کی آئندہ سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا اعلان،فریقین ای او بی آئی کو فروخت کی گئی جائیدادیں واپس لینے کو تیار ہیں تو بیٹھ کر فارمولہ طے کرنا ہو گا،جسٹس ثاقب نثار

جمعہ 4 اپریل 2014 06:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء)سپریم کورٹ میں ای او بی آئی اسکینڈل کی سماعت 10 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا اعلان کیا ہے اور جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ فریقین ای او بی آئی کو فروخت کی گئی جائیدادیں واپس لینے کو تیار ہیں تو ای او بی آئی اور متعلقہ لوگوں کو بیٹھ کر فارمولہ طے کرنا ہو گا۔

جسٹس انور ظہیر جمالی کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے جمعرات کو ای او بی آئی سیکنڈل کیس کی سماعت کی ۔ڈی ایچ اے کی وکیل عرفان قادر نے عدالت کو بتایا کہ جائیدا د کی فروخت کے حوالے سے ای او بی آئی سے ہوا سودا منسوخ نہیں ہو گا ۔

(جاری ہے)

جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس میں کہا جن لوگوں نے ای او بی آئی کو پراپرٹی فروخت کیں ان پر سودا منسوخ کرنے کی کوئی پابندی نہیں تاہم اگر فروخت کنندہ کی جانب سے ای او بی آئی کو فروخت کی گئی جائیدادوں کی مارکیٹ قیمت زیادہ ہے تو فروخت کنندہ جائیدادیں واپس لینے پر کیوں ہچکچاہٹ کا شکار ہے ،جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا جو فریقین ای او بی آئی کو فروخت کی گئی جائیدادیں واپس لینے کو تیار ہیں اور انھیں ریزور قیمت پر اعتراض ہے تو اس کے لیے ای او بی آئی اور متعلقہ لوگوں کو بیٹھ کر فارمولہ طے کرنا ہو گا ،انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ مارک اپ کی رقم فروخت کنندہ کو معاف ہو جائے ،یہ بھی ممکن ہے کہ متفرق اخراجات میں بھی کمی بیشی کی جائے ۔