ذوالفقار علی بھٹوکی 35 ویں برسی آج منائی جائیگی، مرکزی اجتماع بھٹو خاندان کے آبائی قبرستان گڑھی خدا بخش بھٹو لاڑکانہ میں4اپریل کو دوپہر 2بجے منعقد ہوگا۔، اجتماع سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے چاروں صوبائی سربراہان اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کرینگے، پیپلز پار ٹی اعلامیہ

جمعہ 4 اپریل 2014 06:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹوکی 35 ویں برسی آج(جمعہ) کو پورے ملک میں نہایت جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق برسی کا مرکزی اجتماع بھٹو خاندان کے آبائی قبرستان گڑھی خدا بخش بھٹو لاڑکانہ میں4اپریل کو دوپہر 2بجے منعقد ہوگا۔

اجتماع میں شرکت کے لئے کشمیر گلگت بلتستان سمیت پورے ملک سے پیپلز پارٹی کے ہزاروں کی تعداد میں کارکن اور عہدیدار لاڑکانہ پہنچ گئے ہیں۔برسی کے اجتماع سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے چاروں صوبائی سربراہان اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کرینگے اور ذوالفقار علی بھٹو کوملک و قوم کی خاطرانجام دیئے گئے ان کے کارناموں پربھرپور خراج عقیدت پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹو1928میں لاڑکانہ کے تعلقہ نوڈیرو میں سرشاہنواز خان بھٹو کے گھر پیدا ہوئے اور چار اپریل 1979 کو فوجی ڈکٹیٹر جنرل ضیاء الحق نے ایک جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں تختہ دار پر لٹکا دیا۔واضح رہے کہ ذوالفقار علی بھٹو عوام کے حقوق کے علمبردار تھے اور انہوں نے عوام کے حقوق کی خاطر چار اپریل 1979کو پھانسی دی گئی تھی۔