120ملین ڈالر کے سیف سٹی پراجیکٹ پر وزارت داخلہ کا اگلے ماہ سے کام کا آغاز کرنے کا فیصلہ،میٹرو بس منصوبے کے تحت نادرا کی جانب سے منصوبے کے لئے گئے سروے میں تبدیلیاں کی جائیں گی، اگلے ہفتے نادرا دوبارہ سے سروے مکمل کر کے خفیہ کیمروں کی تنصیب کا عمل وضع کرے گا ، شہر بھر میں 1500سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں ، منصوبے کے تحت چائنہ سے جلد سکینرز بھی اسلام آباد پہنچ جائیں گے ، ابتدائی طور پر گولڑہ شریف ٹول پلازہ اور روات کے پاس نصب کیا جائے گا

ہفتہ 5 اپریل 2014 03:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اپریل۔2014ء)120ملین ڈالر کے سیف سٹی پراجیکٹ پر وزارت داخلہ نے اگلے ماہ سے کام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا، میٹرو بس منصوبے کے تحت نادرا کی جانب سے منصوبے کے لئے گئے سروے میں تبدیلیاں کی جائیں گی اور اس حوالے سے اگلے ہفتے نادرا دوبارہ سے سروے مکمل کر کے خفیہ کیمروں کی تنصیب کا عمل وضع کرے گا جس کے بعد شہر بھر میں 1500سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں جن کو ایک ہی کنٹرول روم کے ذریعے سینٹریلائز کیا جائے گا جبکہ منصوبے کے تحت چائنہ سے جلد سکینرز بھی اسلام آباد پہنچ جائیں گے جن کو ابتدائی طور پر گولڑہ شریف ٹول پلازہ اور روات کے پاس نصب کیا جائے گا۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے اگلے ہفتے سے سیف سٹی پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں منصوبے کے تحت خفیہ کیمروں کی تنصیب کے لئے نادرا از سر نو شہر کا سروے کرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دوبارہ سروے میٹرو بس منصوبے کے باعث کیا جا رہا ہے اور میٹرو بس سروس کے روٹ کے باعث وزارت داخلہ نے قبل از وقت ہی منصوبے کے لئے درکار تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت کے وفاقی دارالحکومت میں ابتدائی طور پر 1500کیمرے نصب کیے جائیں گے جن کی تعداد کو اگلے مرحلے میں بڑھایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کیمروں کی مانیٹرنگ کو سینٹریلائیز کرنے کے لئے ڈی سی آفس بلڈنگ جی الیون میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں سے شہر میں داخل ہونے والے ہر مشتبہ شخص یا گاڑی کو دیکھا جا سکے گا۔ذرائع مطابق منصوبے کے تحت اسی ماہ کے دوران وزارت داخلہ سیکنرز بھی لگانے کا سوچ رہی ہے اور ابتدائی طور پر سکینرز گولڑہ شریف ٹول پلازہ اور روات کے مرکزی داخلی راستوں پر لگائے جائیں گے جن کی مدد سے کسی بھی قسم کے دھماکے خیز مواد کو سکین کیا جا سکے گا۔