طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لیئے پر اُمید ہیں مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں آپریشن آخری آپشن ہوگا ، رانا تنویر حسین، فری زون کی صورت میں کوئی علاقہ طالبان کے حوالے نہیں کر رہے۔ ۔ ڈیڑھ ارب ڈالر امداد کے معاملے کی وضاحت وزیر اعظم ہاوس وزیر خزانہ اور وزیرِ داخلہ پہلے ہی کر چکے ہیں معاملے کو خواہ مخواہ بڑھا چڑھا کر بیان کیا جا رہا ہے۔ پرویز مشرف کا کیس عدالت میں ہے اور ای سی ایل میں نام بھی عدالت کے حکم پر ڈالا ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 6 اپریل 2014 04:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لیئے پر اُمید ہیں مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں آپریشن آخری آپشن ہوگا ۔ فری زون کی صورت میں کوئی علاقہ طالبان کے حوالے نہیں کر رہے۔ جن ملکوں کو اسلحہ فروخت کر رہے ہیں اُنکے ساتھ معاہدہ ہے کہ وہ اپنے ملک کے علاوہ یہ اسلحہ استعمال کیلئے کسی دوسرے ملک کو نہیں دینگے ۔

ڈیڑھ ارب ڈالر امداد کے معاملے کی وضاحت وزیر اعظم ہاوس وزیر خزانہ اور وزیرِ داخلہ پہلے ہی کر چکے ہیں معاملے کو خواہ مخواہ بڑھا چڑھا کر بیان کیا جا رہا ہے۔ پرویز مشرف کا کیس عدالت میں ہے اور ای سی ایل میں نام بھی عدالت کے حکم پر ڈالا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلہ میں بحثیت مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات میں تمام اسٹیک ہولڈرز آن بورڈ ہیں حکومت مذاکرات کی کامیابی کیلئے پر اُمید ہے اور دوسرے طرف سے بھی مثبت اشارے ملے ہیں اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن کے بارے میں پھر ہی فیصلہ ہو گا اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے جن قیدیوں کو رہا کیا ہے وہ عسکریت پسند نہیں تھے جہاں تک طالبان کی طرف سے مطالبات کا معاملہ ہے تو یہ مطالبات طالبان سے کمیٹی کی میٹنگ کے بعد ہی سامنے آئینگے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کتاب میلہ میں مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران بھی اُنکے ہمراہ تھے۔ کتاب میلہ کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ کتاب کے بغیر علم مکمل نہیں ہوسکتا کتاب کے ساتھ علم کی محبت ایک طے شدہ بات ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی یہ کاوش قابلِ تعریف ہے کہ یہ ادارہ ہر سال اسی طرح شاندار کتاب میلے کا انعقاد کرتا ہے اور یہ طلبا و طالبات اور کتاب سے محبت رکھنے والے دیگر افراد کی بہت بڑی خدمت ہے۔