طالبان ڈائیلاگ سے امن کی بڑی امیدیں ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں وفاق سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ملک میں امن لانے کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔ کھیلوں کے ذریعے دنیا کو امن کا مثبت پیغام دیا جا سکتا ہے،گورنر خیبر پختونخوا کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 6 اپریل 2014 04:29

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء)گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے کہا ہے کہ طالبان سے ڈائیلاگ جس انداز سے کئے جا رہے ہیں ان سے امن کی بڑی امیدیں ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں وفاق سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ملک میں امن لانے کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔ جبکہ کھیلوں کے ذریعے دنیا کو امن کا مثبت پیغام دیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نیشنل پریس کلب کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ پی ٹی سی ایل انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ کے نمائشی میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لایا جا سکے، جبکہ فاٹا میں کھیلوں اور انفراسٹرکچر کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

قبائلی علاقوں سے باصلاحیت ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ طالبان سے مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور وزیراعظم میاں نوازشریف نے جس طریقے سے ڈائیلاگ شروع کیا ہے اس سے ملک میں قیام امن کی توقعات بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کا جو بھی دشمن ہو گا اسے سختی سے نمٹا جائے گا۔ طالبان سے مذاکرات کا عمل جس اندازسے آگے جا رہا ہے اس سے امن کی بڑی امیدیں ہیں۔ جرگے کے اراکین مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے پورا وقت دے رہے ہیں مذاکراتی عمل کسی قبائل سے نہیں ہو رہے بلکہ ملک میں امن لانے کے لئے کئے جا رہے ہیں ہم ہر وہ حربہ استعمال کریں گے جس سے ملک میں امن قائم ہو۔