پاکستان ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں سے دہشتگردی کی آگ میں جلتا رہا ہے، سینیٹر پرویز رشید ،وزیراعظم کی انتھک کوششوں سے ملک امن کے راستے پر چل پڑا ہے ،طالبان سے مذاکرات حکومت کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے ،جنگ بندی میں 10دن کی توسیع خوش آئند ہے ،قوم کو مکا دکھا کر ڈرانے والے آج عدالتوں کا سامنا کرنے سے کانپتے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 6 اپریل 2014 04:30

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشتگردی کی آگ میں جلتا رہا ہے ، وزیراعظم کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ملک امن کے راستے پر چل پڑا ہے ، طالبان سے مذاکرات حکومت کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے ، طالبان کی طرف سے جنگ بندی میں دس دن کی توسیع خوش آئند ہے ، قوم کو مکا دکھا کر ڈرانے والے عدالتوں کا سامنا کرنے سے کانپتے ہیں ، وقت انسان کا احتساب کرتا ہے یہ مکافات عمل ہے انسان کو توجہ کرنی چاہیے ۔

وہ ہفتے کو یہاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی مستقل شکل اختیار کرکے ملک کو جنگ نہیں مضبوط معیشت پر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے وقت تقاضا کررہا ہے کہ امن کو راستہ دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قوتیں امن کو موقع دینے کی حمایت کرچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زیر حراست جن غیر عسکری طالبان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ہوگا کیسز کا جائزہ لے کر انہیں رہا کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے سازگار ماحول ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ساتھ قانون کے مطابق برتاؤ ہوگا قوم کو مکا دکھانے والے اب خصوصی عدالت کا سامنا کرنے سے کانپتے ہیں گناہوں کی معافی اللہ تعالیٰ سے مانگنی چاہیے ۔