پاک افغان تعلقات میں بہتری آئی ہے،سرتاج عزیز ،آنے والے دنوں میں ایران کے ساتھ بھی تعلقات بہتر ہونگے، پاکستان کا بھارت میں انتخابات سے کوئی تعلق ہے نہ ہی کسی ملک میں مداخلت کرناچاہتے ہیں،گفتگو

پیر 7 اپریل 2014 06:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کی شروع سے یہی پالیسی رہی ہے کہ افغانستان کیساتھ گہرے دوستانہ تعلقات قائم رہیں۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہو ں نے کہا ہے کہ افغانستان میں خراب موسم اور سازگار حالات کے باوجود الیکشن میں ٹرن آؤٹ بہترین رہا اور اس سلسلے میں افغان سکیورٹی اداروں سمیت پاکستانی اداروں نے بھی اپنا مثبت کردار ادا کیا۔

افغان اداروں نے پاکستان سے کہا تھا کہ وہ افغانستان آنے والے صرف دو راستوں کو کھلا رکھے اور باقی تمام کو بند کردے جس پر ہماری حکومت نے بھی ان کی خواہش کا احترام کیا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی شروع سے یہی پالیسی رہی ہے کہ افغانستان کیساتھ بہتر تعلقات قائم ہوں اور اس سلسلے میں ہماری حکومت نے برسراقتدار آنے کے فوری بعد صدر کرزئی کو دورے کی دعوت دی تاکہ تعلقات مضبوط ہوں اور پھر اس سلسلے میں کافی اقدامات بھی کئے گئے جس کے بعد اب پہلے کی نسبت پاک افغان تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مشیر خارجہ نے کہا کہ حکومت اب ایران کیساتھ بھی بہت سے مسائل حل کرچکی ہے اور آنے والے دنوں میں ان کے نتائج پوری قوم کے سامنے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کا بھارت میں انتخابات سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی پاکستان کسی ملک میں مداخلت کرناچاہتا ہے۔