پاکستان ایئرفورس نے سنسنی خیز اور اعصاب شکن معرکے کے بعد نیشنل بینک چیلنج کپ کے فائنل میں چار بار فائنل میں پہنچنے والی کراچی الیکٹرک کی ٹیم کو 3-1 سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا،فائنل کے مہمان خصوصی نیشنل بینک سی ایس آر ڈویڑن کے سربراہ اقبال قاسم تھے۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی، ڈھائی لاکھ روپے کی رقم اور کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے۔رنرز اپ کو ڈیڑھ لاکھ روپے، ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے 75 ہزار روپے اور ٹرافی دی

پیر 7 اپریل 2014 05:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء ) پاکستان ایئرفورس نے سنسنی خیز اور اعصاب شکن معرکے کے بعد نیشنل بینک چیلنج کپ کے فائنل میں چار بار فائنل میں پہنچنے والی کراچی الیکٹرک کی ٹیم کو 3-1 سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔ میچ میں پہلا گول کرکے کراچی الیکٹرک نے برتری حاصل کی لیکن کھیل کے مقررہ وقت کے اختتام سے قبل پی اے ایف نے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں اور پھر اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں پی اے ایف کے کوچ شہزاد انور نے حکمت عملی تبدیل کیا اور ان کے کھلاڑیوں نے مزید دو گول کرکے فائنل کو یادگار بنادیا۔ فائنل کے مہمان خصوصی نیشنل بینک سی ایس آر ڈویڑن کے سربراہ اقبال قاسم تھے۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی، ڈھائی لاکھ روپے کی رقم اور کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے۔

(جاری ہے)

رنرز اپ کو ڈیڑھ لاکھ روپے، ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے 75 ہزار روپے اور ٹرافی دی۔ اس موقع پر پی ایف ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی، ڈائریکٹر پرویز سعید میر، سندھ فٹ بال کے صدر سید خادم علی شاہ، نائب صدر محمد اعظم خان، ایس پی شاہ نواز، محمد خالد کھینچی، ماسٹر ریاست علی، غلام محمد خان، سعدیہ شیخ اور دیگر موجود تھے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل پی اے ایف کے گول کیپر نے اپنے گول پوسٹ سے گیند کو شوٹ کیا لیکن گیند ان کے اپنے ہی کھلاڑی کی کمر سے ٹکرا کر دوبارہ ڈی میں آگئی اور ڈی میں کھڑے ہوئے کے سی سی اے کے نائیجرین کھلاڑی سنڈے کو گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں پی اے ایف نے ایک بار پھر کھیل پر دباؤ بڑھایا اور 71 ویں منٹ میں محمد مجاہد نے خوبصورت فیلڈ گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔

کھیل کے مقررہ وقت کے اختتام پر مقابلہ برابر ہونے پر اضافی وقت کے پندرہ پندرہ منٹ کے دو ہاف دیئے گئے۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف میں ایئرفورس کے کھلاڑیوں نے کمال مہارت کا مظاہرہ کیا اور میچ طوالت اختیار کرنے کے باوجود فزیکل فٹنس کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے سات منٹ کے وقفے سے دو گول کرکے میچ ختم کردیا۔ 109 ویں منٹ میں پی اے ایف کے محمد عارف نواز اور پھر 116 منٹ میں محمد شیر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 3-1 کی فتح دلا دی۔

متعلقہ عنوان :