پشاور ہائیکورٹ نے فاٹا کو عدلیہ کے دائرہ اختیار سے باہر قرار دے دیا،عدالتی ریفرنس میں ترمیم کیلئے ریفرنس پارلیمنٹ کو بھجوانے کے احکامات جاری‘ فاٹا کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق پورے نہیں ہورہے‘ عدالتی ریمارکس

منگل 8 اپریل 2014 06:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اپریل۔2014ء) پشاور ہائیکورٹ نے فاٹا کو عدلیہ کے دائرہ اختیار سے باہر قرار دے دیا‘ لارجر بنچ نے فاٹا میں عدلیہ کے دائرہ اختیار سے متعلق ریفرنس پارلیمنٹ کو بھجوانے کے احکامات جاری کردئیے۔

(جاری ہے)

پشاور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی لارجر بنچ نے پیر کو کیس کا فیصلہ سنادیا اور ریفرنس پارلیمنٹ کو بھجوانے کے احکامات جاری کردئیے جس میں عدلیہ کے اختیارات کیلئے آئین کے آرٹیکل 247 کے سب آرٹیکل 7 میں ترمیم کی ہدایت کی گئی ہے۔

پانچ رکنی لارجر بنچ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کو فاٹا میں عدالتی دائرہ اختیار حاصل نہیں ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے فاٹا کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اسلئے ضروری ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے فاٹا کے عوام کے احساس محرومی کا ازالہ کرنا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بنچ نے گذشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔