بگ تھری نے پاکستان کو بگ فور بنانے کی پیشکش کی تھی، نجم سیٹھی کا انکشاف،آئندہ 4 ماہ تک ڈومیسٹک کرکٹ کا خود جائزہ لوں گا جس کے بعد نئے کپتان اور کوچنگ سٹاف کا فیصلہ ہوگا، پاک بھارت امن اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے بھارت سے کرکٹ کی بحالی ضروری ہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 8 اپریل 2014 06:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اپریل۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی کے بگ تھری نے پاکستان کو بگ فور بنانے کی دعوت دی تھی لیکن ذکا اشرف انتظامیہ نے انکار کرکے ملک کو نقصان پہنچایا۔آئی سی سی کی ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں شرکت کے لئے دبئی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ 2020 تک بھارت کے علاوہ تمام ممالک سے دورے طے ہوچکے ہیں، پاک بھارت امن اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے بھارت سے کرکٹ کی بحالی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بگ تھری کا منصوبہ میرے سامنے بنا اور پاکستان کو بگ فور کی پیشکش کی گئی تھی لیکن ذکا اشرف اور ان کی انتظامیہ نے اس پیشکش کو رد کردیا، اگر بگ فور بنتا تو پاکستان کو بہت فائدہ ہوتا تاہم یہ پیشکش ٹھکرانے کے بعد اب آئی سی سی کو پاکستان کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹی 20میں شکست کے بعد محمد حفیظ نے کپتانی چھوڑ کر اچھی مثال قائم کی۔ آئندہ 4 ماہ تک ڈومیسٹک کرکٹ کا خود جائزہ لوں گا جس کے بعد نئے کپتان اور کوچنگ اسٹاف کا فیصلہ ہوگا اور اس میں کسی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی