ایک ماہ گزرنے کے باوجود لا پتہ ملائیشین طیارے کا معمہ حل نہ ہو سکا،بلیک باکس سے مبینہ سگنلز موصول ہونے کے بعد بحر ہند کے گہرے پانی میں بدقسمت طیارے کی تلاش جاری

بدھ 9 اپریل 2014 06:23

کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء) ایک ماہ گزرنے کے باوجود لاپتہ ہونے والے ملائیشین ایئر لائن کے طیارے کا معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا ہے۔گذشتہ ماہ ملائیشیا سے چین کے لئے اڑان بھرنے والے طیارے کو لا پتہ ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ ہو چکا ہے لیکن اس کی تلاش کا کام تاحال جاری ہے، ملائیشین حکام کا کہنا ہے کہ اگر طیارے کے ملبے کے ملنے کے ایک فیصد بھی چانس ہوئے تو تلاش جاری رکھیں گے۔

چینی جہاز کو ملائیشین طیارے کے بلیک باکس کے مبینہ سگنلز موصول ہونے کی اطلاعات کے بعد بحر ہند کے گہرے پانی میں بدقسمت طیارے کی تلاش کا کام جاری ہے۔

طیارے کے بلیک باکس سے سگنل ملنے کی امید بھی 30 روز مکمل ہونے کے بعد ختم ہو گئی ہے جب کہ ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق بھی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ طیارے کے بارے میں اب شاید ہمیں کبھی پتہ نہ چل سکے۔

(جاری ہے)

لا پتہ ملائیشین طیارے کی تلاش کے لئے امریکا، آسٹریلیا اور چین کی سیٹلائٹس نے متعدد بار بحر ہند میں جہاز کے ٹکروں کی موجودگی کی نشاندہی کی لیکن جن چیزوں کی نشاندہی کی گئی وہ سب کی سب غیر ضروری اشیاء تھیں۔ امریکا، چین، آسٹریلیا، جاپان، بھارت سمیت دنیا کے متعدد ممالک کی امدادی ٹیموں نے لاپتہ طیارے کی تلاش میں حصہ لیا لیکن طیارے کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

متعلقہ عنوان :