عابد شیر علی بھی رانا ثناء اللہ کی طرح غیر سنجیدہ شخص ہیں، شرجیل میمن ، ملک سنگین مسائل سے دوچار، استحکام کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، صوبائی وزیر اطلاعات ،تحفظ پاکستان بل کی کئی شقوں پر پیپلز کو تحفظات ہیں، ایسے قوانین سے عوام میں بے چینی پھیلے گی، میڈیا سے گفتگو

بدھ 9 اپریل 2014 06:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جو وفاق سالمیت پر یقین رکھتی ہے، باقی جماعتیں محدود سوچ رکھتی ہیں۔ملک اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے تمام اداروں کو مل کر اس ملک کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا۔ عابد شیر علی بھی رانا ثناء اللہ کی طرح ایک غیر سنجیدہ شخص ہیں اور وہ اپنے آُ کو میڈیا میں زندہ رکھنے کے لیے الٹے سیدھے بیانات دیتے رہتے ہیں۔

تحفظ پاکستان بل کی کئی شقوں پر پیپلز کو تحفظات ہیں۔جمہوری ماحول میں اس طرح کے قوانین سے عوام میں بے چینی پھیلے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ یہ وفاقی حکومت اور ادارے کے مابین کی بات چیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ تمام انسٹی ٹیوٹ کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کے وزیر مملکت عابد شیر علی کی جانب سے صوبہ سندھ کے حوالے سے دئیے گئے بیانات اور یہاں کی عوام کو بجلی چور قرار دئیے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ بھی رانا ثناء اللہ کی طرح ایک غیر سنجیدہ شخص ہیں۔

وہ بھی اخبارات کی سہ شرخیوں اور الیکٹرونکس میڈیا میں زندہ رہنے کے لئے اس طرح کے الٹے سیدھے بیانات دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صوبے پر کوئی الزام نہیں لگانا چاہتے تاہم اگر دیکھا جائے تو سندھ اور خیبر پختونخواہ کے مقابلے صوبہ پنجاب میں زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دئیے جانے کا نوٹس لینا چاہیے۔

تحفظ پاکستان بل کی قومی اسمبلی سے منظوری کے سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ اس بل کی کئی شقوں پر پیپلز پارٹی کو اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے قوانین کا جمہوری دور حکومت میں بننا عوام میں بے چینی پھیلانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی تعیناتی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہادر، ایماندار اور فرض شناش پولیس آفیسر ہیں اور ان کی تعیناتی کے بعد کراچی آپریشن میں مزید تیزی آئے گی اور عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تعینات تمام ڈی آئی جیز اورایس ایس پیز بھی انتہائی بہادر، ایماندار اور نڈر پولیس آفیسرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی محدود سوچ نہیں بلکہ ایک وسیع سوچ رکھنے والی جماعت ہے اور وفاق کی سالمیت اور جمہوریت کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں محدود سوچ رکھنے والی جماعتیں ہیں اس کے باوجود پیپلز پارٹی کے ہمیشہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے اور کبھی بھی زبان، قومیت اور صوبوں کی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ وفاقی کی سیاست کی ہے اور ہمیشہ احساس محرومی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔