اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ، قومی ٹیم جب ائرپورٹ پہنچی تو فٹبال فیڈریشن کے نمائندوں ، سیاستدانوں اور کھلاڑیوں کے اہلخانے سمیت فٹبال شائقین کی بہت بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا ،کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے ،مسکراتے چہرے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی ،حکومت اس کھیل کے فروغ میں اپنا کرادار ادا کرے، سٹریٹ شاہینوں کے اہلخانہ کا حکومت سے مطالبہ ،ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ٹیم کیلئے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان ، اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے اعزا ز میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا عشائیہ ،بلاول بھٹو نے ٹیم کے کوچ اور کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا ، ایک ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان ، ان بچوں نے ملک کا نام روشن کیا ، قوم کا سر فخر سے بلند کیا ، میرا ڈونا کو پاکستان بلا کر ٹیم کو ٹریننگ دی جائے گی ،بلاول بھٹو زرداری ،سندھ اسمبلی میں بھی خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قرارداد منظور ، کھلاڑیوں نے سندھ اسمبلی کی کارروائی دیکھی،سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کا وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے ٹیم کے تمام بچوں کو 2 ، 2 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان، برطانوی فٹبال کلب نے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو کھیلنے اور تربیت کے لئے معاہدے کی پیشکش کردی

بدھ 9 اپریل 2014 06:14

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء ) اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی قومی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا، قومی ٹیم جب کراچی ایئر پورٹ پہنچی تو فٹ بال فیڈریشن کے نمائندوں، سیاست دانوں اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ سمیت فٹ بال شائقین کی بہت بڑی تعداد نے ان کا استقبال پر تپاک استقبال کیا، کھلاڑیوں پر پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ کر بھنگڑے ڈالے گئے، ڈھول کی تھاپ، والہانہ رقص، مسکراتے چہرے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے۔

اس موقع پر ڈھول کی تھاپ کر بچوں سمیت نوجوانوں نے ڈانس کیا اور ٹیم پر پھول نچھاور کیے گئے ائرپورٹ سے فٹبال ٹیم کے ننھے شاہین سندھ اسمبلی پہنچ گئے جہاں وہ سندھ اسمبلی کی کارروائی بھی دیکھے گئے اور ان کی کارکردگی پر گزشتہ روز قرارداد منظور ہوئی تھی گولڈمیڈل اور نقد انعام کا اعلان بھی کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

عدم توجہی کا شکار اس چائلڈ فٹبال ٹیم نے دنیا کو اپنا جنون دیکھا کے حیران کیا تو، سماجی، سیاسی اور محکمہ کھیل بھی ان کے استقبال کے لیے نہ پورے ہونے والے وعدوں کے ہمراہ آن پہنچا۔

ایسے میں دو سیاسی جماعتوں کی جانب سے فٹبال ٹیم کی کامیابی کا سہرا اپنے سر سجانے کے لیے شدید نعرے بازی کی گئی۔ جس کے باعث ائیرپورٹ انتظامیہ نے پچھلے گیٹ سے فٹبالرز کو گھروں کو روانہ کیا۔ اس صورتحال میں رات بھر جشن مناتے شائقین اور کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ کھلاڑیوں کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ اب تو حکومت اس کھیل کے فروغ میں اپنا کرادار ادا کرے۔

ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ٹیم کیلئے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ سندھ اسمبلی میں شاندار پرفارمنس پر خراج تحسین پیش کیا گیا صوبائی وزیر کھیل نے بچوں کو دعوت پر مدعو کرلیا ۔ ریوڈی جنیرو میں کھیلے گئے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانی بچوں نے شاندار کارکردگی سے دنیا میں اپنے جنون کا لوہا تو منوالیا ہے لیکن انکی جھولی میں حکومت کی جانب سے اب بھی فقط وعدے ہی ڈالے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے امریکا کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جب کہ روایتی حریت بھارت کو 0-13 سے شکست دی تھی۔بعد ازاں اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے اعزاز میں آصف علی اور بلاول بھٹوزرداری کا عشائیہ ، بلاول بھٹو نے ٹیم کے کوچ اور کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا اور ایک ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا ، ان کا کہنا تھا کہ میراڈونا کو پاکستان بلا کر ٹیم کو ٹریننگ دی جائے گی ۔

منگل کی شب اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی بچوں کی ٹیم کی بلاول ہاؤس آمد پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا اور ٹیم سے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی پاکستان فٹبالر بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان بچوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے اورقوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے بلاول بھٹو نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور کوچ کو پارٹی کی جانب سے ایک ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ معروف فٹبالر میراڈونا کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جو پاکستان آکر ان بچوں سے ملاقات بھی کرینگے اور انہیں فٹبال کی تربیت دینگے فٹبال ٹیم کے اعزاز میں آصف علی زرداری نے عشائیہ بھی دیا فریال تالپور نے بھی کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ۔

قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی منگل کو جب سندھ اسمبلی کی اسپیکر گیلری میں پہنچے تو ارکان سندھ اسمبلی نے ان کا بھرپور خیر مقدم اور استقبال کیا ۔ ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ڈیسک بجائے ۔ ارکان نے انہیں زبردست شاباش دی اور خراج تحسین پیش کیا ۔ ان بچوں کی سندھ اسمبلی آمد کو یاد گار بنانے کے لیے اسمبلی میں قومی ترانہ بھی بجایا گیا ۔

سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے ٹیم کے تمام بچوں کو 2 ، 2 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے ان بچوں کے نام سے کراچی میں بین الاقوامی معیار کا فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ یہ اسٹیڈیم بلدیہ عظمیٰ کراچی تعمیر کرے گی ۔ سینئر وزیر تعمیرنثار احمد کھوڑو نے اعلان کیا کہ محکمہ تعلیم سندھ ان بچوں کو پوسٹ گریجویشن تک مفت تعلیم دلائے گا ۔

وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی نے ٹیم کے لیے 5 لاکھ روپے انعام دینے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے اپنی طرف سے 10، 10 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے ارکان سے کہا کہ وہ تاجروں اور صنعت کاروں سے اپیل کریں کہ وہ بھی پاکستان کا نام روشن کرنے والے ان بچوں کے لیے انعامات کا اعلان کریں ۔

حکومت ان بچوں کی تعلیم ، رہائش اور دیگر ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کرے ۔ وزیر سماجی بہبود روبینہ سعادت قائم خانی نے ٹیم کے لیے بچوں کے انتخاب اور انہیں برازیل بھیجنے کے لیے محکمہ سماجی بہبود سندھ ، آزاد فاوٴنڈیشن ، یونیسف اور برٹش کونسل کے کردار کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ اسمبلی کی تاریخ کا اہم دن ہے کہ یہ بچے یہاں آئے ہیں ۔

ان بچوں نے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ ان بچوں نے سیمی فائنل تک کوئی میچ نہیں ہارا ۔ بھارت اور امریکا کی ٹیموں کو بھی شکست دی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ان بچوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔ سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ مجھے اس بات پر دکھ ہو رہا ہے کہ انہیں اسٹریٹ چلڈرن کہا جا رہا ہے ۔

یہ ہمارے بچے ہیں ۔ جنہوں نے پاکستان کا دنیا کو مثبت چہرہ دکھایا ۔ وزیر کچی آبادی جاوید ناگوری نے کہا کہ ویسے تو ٹیم کی کامیابی پر پورا ملک خوش ہے لیکن سب سے زیادہ خوشی لیاری اور ماڑیپور کے لوگوں کو ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں ہاتھ جوڑ کر میڈیا سے التجاء کرتا ہوں کہ اب تو لیاری سے گینگ وار کا ٹھپا ہٹا دیا جائے ۔ لیاری میں بہت با صلاحیت لوگ رہتے ہیں ، جو امن اور محبت چاہتے ہیں ۔

پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے ارکان نند کمار اور نصرت سحر عباسی ، مسلم لیگ (ن) کے حاجی شفیع محمد جاموٹ ، ایم کیو ایم کے ارکان اشفاق منگی ، شاہینہ شیخ ، بلقیس مختیار ، ظفر کمال ، دلاور قریشی ، سیف الدین خالد ، سمیتا افضال ، رعنا انصاری ، پیپلز پارٹی کے ارکان ، غلام قادر چانڈیو ، ڈاکٹر عبدالستار راجپر اور صوبائی وزیر گیان چند اسرانی ، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان خرم شیر زمان اور ڈاکٹر سیما ضیاء اور دیگر نے ان بچوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مبارکباد بھی دی ۔

ان ارکان نے کہا کہ زیادہ تر بچوں کا تعلق لیاری سے ہے ۔ لیاری کے بارے میں اب رائے بدل جانی چاہئے ۔ ان بچوں نے پاکستان کا امیج بھی دنیا میں بہتر بنایا ہے ۔ یہ بچے دیگر اسٹریٹ چلڈرن کے لیے رول ماڈل ہیں ۔ بعد ازاں قومی ترانہ بجایا گیا ۔ قومی ترانے کے احترام میں ارکان اسمبلی اور اسمبلی میں موجود ہر شخص احتراماً کھڑا ہو گیا ۔ قومی ترانے کے بعد اسپیکر نے اجلاس جمعہ کی صبح تک ملتوی کردیا ۔

قبل ازیں سندھ اسمبلی میں آمد کے موقع پر پاکستان اسٹریٹ فٹ بال ٹیم کے کپتان سمیر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر فٹ بال کھیل کر کامیاب ہونا ہمارے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ یہ موقع فراہم کرنے پر ہم سندھ حکومت، محکمہ سماجی بہبود اور آزاد فاؤنڈیشن سمیت ان تمام کے مشکور ہیں، جنہوں نے ہم سے بھرپور تعاون کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء روبینہ قائم خانی، جاوید ناگوری، شرمیلا فاروقی اور آزاد فاؤنڈیشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

کیپٹن سمیر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں شریک ہونے کا ہمارا خواب پورا ہوا ہے، جس کے لئے ہماری پوری ٹیم حکومت سندھ، محکمہ سماجی بہبود اور آزاد فاؤنڈیشن کے مشکور ہیں۔ کیپٹن سمیر نے کہا کہ پاکستان میں اسٹریٹ چلڈرن کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی ان بچوں دھتکار کر دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم مزید اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اس موقع پر ٹیم کے کھلاڑی اویس علی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارت، امریکا سمیت دیگر ممالک سے فتح حاصل کرکے بڑی خوشی ہوئی تھی اور ان سے زیادہ خوشی ہمیں اس بات پر ہوئی کہ ہماری ٹیم کو بھارت اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے بڑی محبتیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پھول فروخت کرنے والے بچوں اور اسٹریٹ پر کام کرنے والے بچوں کو محبت اور دوستی کی ضرورت ہے۔

اگر یہ محبتیں انہیں مل جائیں تو یہ بچے ہر سطح پرپاکستان کا نام روزن کریں گے۔ قبل ازیں سندھ اسمبلی آمد پر صوبائی وزیر روبینہ قائمخانی اور دیگر وزراء نے ٹیم کو خوش آمدید کہا اور انہیں سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔ ادھر برطانوی فٹبال کلب نے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو کھیلنے اور تربیت کے لئے معاہدے کی پیشکش کردی۔

برطانیہ کے ”مسلم فٹبال کلب“ نے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کلب میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھنے والی قومی ٹیم کے کپتان احمد سمیر، اورنگزیب، رزاق اور شعیب کو بہترین کارکردگی دکھانے پر اپنے کلب میں کھیلنے اور تربیت کے لئے معاہدے کی پیشکش کی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی بچوں کی ٹیم نے ناصرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ ان کے ہنر کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں منعقد ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم علی الصبح وطن واپس پہنچی جہاں ان کے استقبال کے لئے لوگوں کا ہجوم اکٹھا تھا اور بچوں کا پھولوں اور بینڈ باجوں سے شاندار استقبال کیا گیا۔