کرکٹ بورڈ کو ایڈہاک ازم کے تحت چلایا جارہا ہے ، عمران خان ، سٹریٹ چائلڈ کی کارکردگی سے ثابت ہوگیا ملک صلاحیتوں سے مالا مال ہے ، کرکٹ ٹیم کے کپتانوں کی بار بار تبدیلی نے اس کھیل کو بہت نقصان پہنچایا ہے ،میڈیا سے گفتگو

بدھ 9 اپریل 2014 06:14

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تحریک انصاف پاکستان کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو ایڈہاک ازم کے تحت چلایا جارہا ہے ، سٹریٹ چائلڈ فٹبالرز کی فتح اس بات کی دلیل ہے کہ ملک صلاحیتوں سے مالا مال ہے ، کپتانوں کی بار بار تبدیلی نے کرکٹ کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا نظام ایڈہاک ازم سے چلایا جارہا ہے سٹریٹ چائلڈ فٹبالرز ے جس طرح اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ اس امر کی دلیل ہے کہ پورا ملک صلاحیتوں سے مالا مال ہے لیکن نظام نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی صلاحیتوں کے مالک بچے ضائع ہورہے ہیں اس طرح کا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے میرٹ پر فیصلے کرنا ہونگے ۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کپتانوں کی بار بار تبدیلی سے کرکٹ کو نقصان ہوگا جب بھی کپتان غلطیوں سے سبق سیکھتا ہے ہم اسے تبدیل کردیتے ہیں جس کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں ہمیں کرکٹ میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے ۔