پاکستان کرکٹ بورڈ نے بغیر اجازت کے میڈیا سے بات کرنے پر سنیئرکھلاڑی آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

بدھ 9 اپریل 2014 06:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بغیر اجازت کے میڈیا سے بات کرنے پر سنیئرکھلاڑی آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش سے واپسی پر میڈیا کے سامنے ٹیم کی کارکردگی کْھل کر تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلے بازوں کی منفی سوچ کے باعث ہم ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ ہارے‘بنگلہ دیش سے واپسی کے بعد کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا پاکستانی بلے بازوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں جلد آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ہی بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

پریشر میں ہی کھلاڑیوں کا پتہ چلتا ہے۔ ویسٹ انڈیز کا ہدف مشکل نہیں تھا۔ بلے بازوں کی منفی سوچ کے باعث ہم ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ ہارے۔ ان کا کہنا تھا کہ شروع کی بیٹنگ کے باعث میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔ پا کستانی ٹیم کیلئے آخری تین اوورز کافی نقصان دہ ثابت ہوئے۔ جس طرح بلے بازوں نے آسٹریلیا کیخلاف کاکردگی دکھائی بالکل اسی طرح ویسٹ انڈیز کیخلاف دکھانی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے پاس ٹاپ پلیئرز ہیں، ان کو ہی کھلانا ہوگا۔ لڑکے یہی ٹھیک ہیں, صرف انھیں لڑانے کا طریقہ آنا چاہیے-