انسانی پرچم بنانے کے لئے دو گواہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے طریقہ کار کو تسلی بخش قرار دیا ،گنیز ورلڈ ریکارڈ نے یوتھ فیسٹیول میں قائم ہونے والے عالمی ریکارڈز کی تصدیق کردی،رانا مشہوداحمد خان

بدھ 9 اپریل 2014 06:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء)صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ گینزورلڈ ریکارڈ نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں قائم کئے گئے ریکارڈ کی تصدیق کر دی ہے جو ناقدین کے منہ پر طمانچہ ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء میں اب تک 48لاکھ افراد شرکت کر چکے ہیں اورعالمی ریکارڈزکے قائم ہونے سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا مگر یہ کاوشیں میر جعفر اور میر صادق کو پسند نہ آئیں اور دشمن ملک کے ایجنڈے کو پورا کرتے ہوئے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کر دیا،جو قابل مذمت ہے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب میں ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمدنے کہا کہ ایک نجی ٹی وی چینل نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے گھناؤنی سازش کسی غیر ملکی اشارے پر کی جس کے ثبوت مل چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سپورٹس بورڈ پنجاب اس کیخلاف قانونی کارروائی کررہا ہے اور اس سلسلے میں پیمرا کو بھی آگاہ کیا جارہا ہے کہ متعلقہ نجی ٹی وی چینل کے ملک دشمن ایجنڈے کا نوٹس لیا جائے۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ملک کی 67سالہ تاریخ میں کھیلوں کے شعبے کا بہت برا حال رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق کھیلوں کی بحالی کے لئے 2012ء میں نوجوانوں کیلئے پنجاب یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں 32لاکھ افراد نے شرکت کی ۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے پاکستان دشمن عناصر کے ایماء پر یوتھ فیسٹیو ل کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا لیکن اللہ تعالیٰ کی رحمت سے سچ کی ایک مرتبہ پھر فتح ہوئی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے قوم کو جو حقائق بتائے تھے ان کی گنیز ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ نے بھی تائید کردی ہے اور اپنی ویب سائٹ پر آفیشل سٹیٹمنٹ بھی جاری کردی ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک نجی چینل نے پنجاب یوتھ فیسٹیول اور گینزورلڈ ریکارڈز کے حوا لے سے جو سولات اٹھائے تھے ان کا جواب خود گنیز ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر دے دیا ہے ۔گینز بک ورلڈ ریکارڈ اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے درمیان 2012ء،2013 میں معاہدہ ہوا تھا اوراب پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کیلئے بھی معاہدہ ہوا ہے ۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے دنیا کے سب سے بڑے انسانی پرچم بنانے کے ریکارڈ کی تصدیق دو گواہوں لیوٹائی ٹین گبرئیل اور انتولیا ماریہ اوبریجہ سے کی ہے، ان گواہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے طریقہ کار کو تسلی بخش قرار دیا جس پر گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اس کو باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ تسلیم کیا ہے۔

پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء میں اب تک 33عالمی ریکارڈز قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے دیگر 32عالمی ریکارڈ کی گنیز ورلڈ ریکارڈ کی طرف سے تصدیق کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ موسم کی شدت کے باعث سپورٹس فیسٹیول کا انٹرنیشنل مرحلہ دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے پہلے مرحلے میں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی کرکٹ ٹیم برطانیہ سے پاکستان آئی جبکہ فسٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارت، آسٹریلیا اور نیپال کی ٹیمیں بھی پاکستان پہنچ چکی ہیں ، دوسرے مرحلے کا آغاز ستمبر میں ہوگا جس کی تفصیلات سے متعلق حمزہ شہباز شریف جلد ایک پریس کانفرنس کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی بدولت دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں جس کا ثبوت امریکہ کی جانب سے ہمارے کبڈی کھلاڑیوں کو امریکہ لے جانا اور ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے دورہ کی دعوت ملنا ہے۔ انہوں نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ضرور کی جائے مگر ملک اور اپنی یوتھ کو دنیا میں بدنام نہ کریں، اتنا بڑا ایونٹ آرگنائز کرنے پر یوتھ اور انتظامیہ تعریف کی مستحق ہے ۔تنقید برائے تنقید نوجوانوں کی دل شکنی کا باعث بنی ہے۔